پہلے اسے پڑھ لیجئے
قرآنِ مجید اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی آخری کتاب ہے، اس کو پڑھنے اور اس پر عمل کرنے والا دونوں جہاں میں کامیاب و کامران ہوتا ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ تبلیغ قرآن و سنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت اندرون و بیرونِ ملک حفظ و ناظرہ کے لاتعداد مدارس بنام مدرسۃ المدینہ قائم ہیں ۔ صرف پاکستان میں تادِم تحریر کم وبیش 75ہزار مدَنی مُنّے اور مَدَنی مُنّیوں کو حفظ و ناظرہ کی مفت تعلیم دی جا رہی ہے۔ ان مدارس میں قرآنِ کریم کے ساتھ ساتھ دینی معلومات اور تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے تاکہ مدرسۃ المدینہ سے فارغ ہونے والا طالب علم تعلیمِ قرآن کے ساتھ ساتھ دین اسلام کی تعلیمات سے بھی روشناس ہو اور اس میں علم و عمل دونوں رنگ نظر آئیں ، وہ حسنِ اخلاق کا پیکر ہو، اچھائی اور برائی کی پہچان رکھتا ہو، بُر ی عادتوں سے پاک اور اچھے اوصاف کا مالک ہو اور بڑا ہو کر معاشرے کا ایسا باکردار مسلمان بنے کہ عمر بھر اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش میں مصروف رہے۔
زیرِ نظر کتاب ’’ اسلام کی بنیادی باتیں حصہ 3 ‘‘ دراصل مدنی نصاب برائے قاعدہ اور مدنی نصاب برائے ناظرہ سلسلے کی ہی ایک کڑی ہے۔ بنیادی طور پر چونکہ یہ تینوں کتابیں مدرسۃ المدینہ میں حفظ و ناظرہ کی تعلیم حاصل کرنے والے مدنی منوں اور مدنی منیوں کو اسلام کی بنیادی باتوں سے آگاہ کرنے کے لیے لکھی گئی تھیں مگر خواص و عوام میں ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیشِ نظر مجلس نے اس سلسلے کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تا کہ ان کتب کی افادیت صرف مدنی منوں اور مدنی منیوں تک ہی محدود نہ رہے بلکہ ہر خاص و عام ان کتب سے فیض یاب ہو سکے۔ چنانچہ شیخِ طریقت، امیرِ اہلسنّت ،بانی دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطاؔر قادری رضوی ضیائی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اس سلسلے کا نیا نام ’’ اسلام کی بنیادی باتیں ‘‘ عطا فرمایا۔ لہٰذا آئندہ سے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ یہ سلسلہ اسی نام سے شائع ہو گا۔ اس کتاب کی پیشکش کا سہرہ مجلس مدرسۃ المدینہ اور مجلس المدینۃ العلمیہ کے سر ہے جبکہ دارالافتاء اہلسنت سے اس کی شرعی تفتیش کروائی گئی ہے۔
یہی ہے آرزو تعلیمِ قرآں عام ہوجائے
ہر اک پرچم سے اُونچا پرچمِ اسلام ہوجائے
مَجْلِس مَدْرَسَۃُ الْمَدِینہ
مَجْلِس اَلْمَدِیْنَۃُ الْعِلْمِیہ