فضیلتِ اَنْبیا و رُسُل
سوال …: کیا انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام فرشتوں سے بھی افضل ہیں ؟
جواب …: جی ہاں ! انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام تمام مخلوق یہاں تک کہ تمام فرشتوں سے بھی افضل ہیں ۔(1)
سوال …: کیا کوئی ولی مرتبہ میں کسی نبی کے برابر ہو سکتا ہے؟
جواب …: جی نہیں ! ولی چاہے کتنے ہی بڑے مرتبے والا ہو ہرگز ہرگز کسی نبی کے برابر نہیں ہو سکتا۔ بلکہ جو کسی غیر نبی کو کسی نبی سے افضل یا برابر بتائے وہ کافر ہے۔(2)
سوال …: کیا سب نبی مرتبے کے لحاظ سے آپس میں برابر ہیں ؟
جواب …: جی نہیں ! سب نبیوں کے درجے مختلف ہیں ۔ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے ایک کو دوسرے پر فضیلت دی ہے۔جیسا کہ فرمانِ باری تَعَالٰی ہے: تِلْكَ الرُّسُلُ فَضَّلْنَا بَعْضَهُمْ عَلٰى بَعْضٍۘ- ( پ۳،البقرۃ: ۲۵۳) ترجمۂ کنز الایمان: یہ رسو ل ہیں کہ ہم نے ان میں ایک کو دوسرے پر افضل کیا۔
سوال …: مرتبے کے لحاظ سے سب سے افضل پانچ نبیوں کے نامِ مبارک بتائیے؟
جواب …: سب سے افضل و اعلیٰ ہمارے میٹھے میٹھے آقا، مکی مدنی مصطفٰے صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ہیں ۔ پھر حضور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے بعد سب سے بڑا مرتبہ حضرت سیِّدُنا ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام کا ہے پھر حضرت سیِّدُنا موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کا، پھر حضرت سیِّدُنا عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام اور حضرت سیِّدُنا نوح عَلَیْہِ السَّلَام کا درجہ ہے۔ ان پانچوں حضرات کو مرسلین اولوالعزم کہتے ہیں ۔ یہ پانچوں باقی تمام نبیوں اور رسولوں سے افضل ہیں ۔ (3)
٭…٭…٭
________________________________
- 1 بہارِشریعت، عقائد متعلقہ نبوت، ۱ / ۴۷
- 2 المرجع السابق
- 3 بہارِشریعت، عقائد متعلقہ نبوت، ۱ / ۵۲