جواب …: جھوٹا خواب بیان کرنا سخت حرام و گناہ ہے ایسے جھوٹوں کو قیامت کے دن ’’ جَو ‘‘ کے دو دانوں میں گِرہ لگانے کی تکلیف دی جائے گی اور وہ کبھی بھی گِرہ نہ لگاسکیں گے اور یوں عذاب پاتے رہیں گے۔(1)
سوال …: کیا یہ بات درست ہے کہ جھوٹ بولنے والے کے منہ سے بدبو نکلتی ہے؟
جواب …: جی ہاں ! جھوٹ بولنے والے کے منہ سے ایسی سخت بو نکلتی ہے کہ فرشتہ ایک میل دور ہوجاتاہے۔(2)
سوال …: کیا جھوٹ بولنے کا اثر دل پر بھی ہوتاہے؟
جواب …: جی ہاں ! جھوٹ بولنے سے دل کالا سیاہ ہو جاتا ہے، لہٰذا جھوٹ بولنے سے مکمل پرہیز کرنا چاہئے۔
سوال …: جھوٹ بولنے والے کو آخرت میں کیا سزا ملے گی؟
جواب …: ہمارے پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو خواب میں جھوٹ بولنے والے کی یہ سزا دکھائی گئی کہ اس کو گدّی کے بل (یعنی چت) لٹایا ہواتھا اور ایک شخص لوہے کا چمٹا لیے اس پر کھڑا تھا اور وہ ایک طرف سے اس کی بانچھ (گال) چمٹے سے پکڑ کر گدّی تک چیرتا ہوا لے جاتا، اس طرح آنکھ اور ناک کے نتھنے میں چمٹا گھونپ کر چیرتا ہوا گدّی تک لے جاتا۔ جب ایک طرف یہ عمل کرلیتا تو دوسری جانب آجاتا اور یہی عمل کرتا، اتنی دیر میں پہلی جگہ اصلی حالت میں آ جاتی پھر پہلی جگہ کو اسی طرح چیر پھاڑ ڈالتا۔ جھوٹ بولنے والے کو یہ سزا قیامت تک ملتی رہے گی۔(3)
سوال …: بچوں کے جھوٹ بولنے کی چند ایک مثالیں بیان کیجئے۔
جواب …: بچوں کے جھوٹ بولنے کی چند مثالیں یہ ہیں :
٭… اگر امی جان صبح مدرسہ میں جانے کے لئے اٹھاتی ہیں تو جھوٹا بہانہ کردیتے ہیں کہ میری طبیعت صحیح نہیں ، میرے سرمیں درد ہے، میرے پیٹ میں تکلیف ہے۔
________________________________
1 - ترمذی، کتاب الرؤیا، باب فی الذی یکذب فی حلمہ، ۴ / ۱۲۵، حدیث: ۲۲۹۰
2 - ترمذی، کتاب البروالصلۃ، باب ماجاء فی المراء، ۳ / ۴۰۰، حدیث:۲۰۰۰
3 - بخاری، كتاب الجنائز، باب ۹۳، ۱ / ۴۶۷، حديث:۱۳۸۶ ملخصاً