Brailvi Books

اسلام کی بنیادی باتیں جلد 3
268 - 329
	نے تیری راہ میں جہاں ضرورت پڑی وہاں خرچ کیا۔ ‘‘  تو اللہ  عَزَّ وَجَلَّ  ارشاد فرمائے گا:   ’’ تو جھوٹا ہے، تونے ایسا اس لئے کیا تھا کہ تجھے سخی کہا جائے اور وہ کہہ لیا گیا۔ ‘‘  پھر اسے بھی جہنم میں ڈالنے کا حکم ہوگا تو اسے بھی منہ کے بل گھسیٹ کر جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔(1)
پیارے مدنی منو!  انسان کے پاس تین اہم اور قیمتی چیزیں ہوتی ہیں جس سے وہ زیادہ محبت کرتا ہے:  [۱] جان [۲] وقت (یعنی زندگی) اور [۳]مال۔ اس حدیثِ پاک میں ان تینوں چیزوں کو قربان کیا گیا یعنی شہید نے اپنی جان قربان کی، عالم و قاری نے اپنی ساری زندگی علم وقرآن سیکھنے سکھانے میں قربان کی اور سخی نے اپنا مال قربان کیا مگر بروزِ قیامت ریا کاری کے سبب بارگاہِ خداوندی میں ان کے یہ اعمال قبول نہ ہوں گے بلکہ انہیں منہ کے بل گھسیٹ کر جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔
دکھاوے کی نمازیں 
حُجَّۃُ الْاِسْلَام حضرت سیدنا امام محمد غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی کیمیائے سعادت میں نقل فرماتے ہیں کہ ایک بزرگ نے ارشاد فرمایا:  میں نے تیس برس کی نمازیں قضا کیں جو میں نے ہمیشہ پہلی صف میں ادا کی تھیں ۔ اس کا باعث یہ ہواکہ ایک دن مجھے کسی وجہ سے تاخیر ہوگئی تو آخری صف میں جگہ ملی ۔ میں نے اپنے دل میں اِس بات سے شرم محسوس کی کہ لوگ کیا کہیں گے کہ یہ آج اتنی دیرسے آیا ہے؟ اُس وقت میں سمجھا کہ یہ سب لوگوں کے دِکھانے کے لیے تھا کہ وہ مجھے پہلی صف میں دیکھیں۔ چنانچہ میں نے یہ تمام نمازیں دوبارہ پڑھیں ۔ (2)
٭…٭…٭




________________________________
1 -    مسلم،  کتاب الامارۃ،  باب من قاتل للریاء     الخ،   ص۱۰۵۵،   حدیث:۱۵۲ - (۱۹۰۵)
2 -    کیمیائے سعادت،   رکب چہارم،   اصل پنجم،   حقیقت اخلاص،   ۲ / ۸۷۶