بات چیت کرنے کے مدنی پھول
پیارے مدنی منو! ہمیں اکثر بات چیت کرنے کی ضرورت پڑتی رہتی ہے بلکہ ہم لوگ بلا ضرورت بھی اکثر بولتے رہتے ہیں حالانکہ یہ بلا ضرورت بولنا بہت ہی نقصان دہ ہے، غیر ضروری گفتگو کرنے سے خاموش رہنا افضل ہے، لہٰذا پیارے پیارے مدنی آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم اور بزرگانِ دین رَحِمَہُمُ اللّٰہُ الْمُبِیْن کے فرامین سے ماخوذ بات چیت کے سلسلے میں سنتیں اور آداب اور خاموشی کے فضائل وغیرہ بیان کیے جاتے ہیں :
سوال …: سرکارِ مدینہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے اندازِ گفتگو کے متعلق کچھ بتائیے۔
جواب …: سرکارِ مدینہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم گفتگو اس طرح دل نشین انداز میں ٹھہر ٹھہر کر فرماتے کہ سننے والا آسانی سے یاد کر لیتا۔ جیسا کہ اُم المومنین حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا فرماتی ہیں کہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم صاف صاف اور ٹھہر ٹھہر کر کلام فرماتے اور ہر سننے والا اسے یاد کر لیتا تھا۔(1)
سوال …: بات چیت کے دوران کن امور کا خیال رکھنا چاہئے؟
جواب …: بات چیت کے دوران درج ذیل مدنی پھولوں کا خیال رکھنا چاہئے:
٭… مسکراکراور خندہ پیشانی سے بات چیت كيجئے۔
٭… چھوٹوں کے ساتھ مشفقانہ اور بڑوں کے ساتھ مؤدبانہ لہجہ رکھئے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ دونوں کے نزدیک آپ معزز رہیں گے۔
٭… سرکارِ مدینہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے: جب تم کسی شخص کو دیکھو کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے اسے کم گوئی اور دنیا سے بے رغبتی کی نعمت عطا فرمائی ہے تو اس کے پاس ضرور بیٹھو کیونکہ اس پر حکمت کا نزول ہوتاہے۔(2)
________________________________
1 - مسند احمد، ۱۰ / ۱۱۵، حدیث: ۲۶۲۶۹
2 - ابن ماجہ، کتاب الزھد ، باب الزھد فی الدنیا، ۴ / ۴۲۲، حدیث: ۴۱۰۱