Brailvi Books

اسلام کی بنیادی باتیں جلد 3
246 - 329
سوال …:  	 کیا سفر پر روانہ ہوتے وقت عزیزوں ، دوستوں سے قصور مُعاف کروانا چاہئیں ؟ 
جواب …:  	 جی ہاں !  چلتے وقت عزیزوں ، دوستوں سے قصور مُعاف کروا لینا چائیں اور جن سے مُعافی طَلَب کی جائے ان پر لازِم ہے کہ دِل سے مُعاف کر دیں ۔ چنانچہ مروی ہے کہ سرکارِ مدینہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:  جس کے پاس اس کا بھائی مَعْذِرَت کے لئے آئے تو وہ اس کا عذر قبول کر لے خواہ حق پر ہو یا باطل پر۔ جو ایسا نہیں کرے گا وہ میرے حوض پر نہیں آئے گا۔(1)
سوال …:  	 سفر پر روانہ ہوتے وقت گھر والوں کی حفاظت کے لیے کیا کرنا چاہئے؟
جواب …:  	 سفر پر روانہ ہوتے وقت گھر والوں کی حفاظت کے لیے درج ذیل دو کام کرنا چاہئیں : 
٭…  لباسِ سفر پہن کر اگر وقت ِ مکروہ نہ ہو تو گھر میں چار رکعت نَفْل پڑھ کر باہَر نکلیں اور ہر رکعت میں الحمد شریف کے بعد ایک بار قل شریف پڑھیں ۔ اِنْ شَآءَ اللہ  عَزَّ وَجَلَّ  وہ رکعتیں واپسی تک اہل ومال کی نگہبانی کریں گی ۔ 
٭…  جب بھی سفر پر روانہ ہوں تو اپنے اہل خانہ کو اللہ  عَزَّ وَجَلَّ  کے سپرد کر کے جائیں ۔ اللہ  عَزَّ وَجَلَّ  ہی سب سے بہتر حفاظت کرنے والا ہے بلکہ ہوسکے تو اپنے گھر والوں کو یہ کلمات کہہ کر سفر پر روانہ ہوں :
  اَسْتَوْدِعُكَ اللّٰهَ الَّذِیْ لَایُضِیْعُ وَدَآئِعَهٗ۔
 یعنی میں تم کو اللہ  عَزَّ وَجَلَّ  کے حوالے کرتا ہوں جو امانتوں کو ضائع نہیں کرتا۔(2)
سوال …:  	 سواری پر اطمینان سے بیٹھ جانے کے بعد کونسی دعا پڑھی جاتی ہے؟
جواب …:  	 سواری پر اطمینان سے بیٹھ جانے کے بعد کونسی دعا پڑھی جاتی ہے؟
 ٭…  سواری پراطمینان سے بیٹھنے کے بعد کونسی دعا پڑھی جاتی ہے:  
اَلْـحَمْدُ لِلّٰهِ سُبْحٰنَ الَّذِیْ سَخَّرَ لَـنَا ھٰذَا وَمَاکُـنَّا لَهٗ مُقْرِنِیْنَ وَاِنَّـا ۤ اِلٰی رَبِّنَا لَـمُنْقَلِبُوْنَ  
یعنی اللہ  عَزَّ وَجَلَّ  کا شکر ہے، پاکی ہے اسے جس نے اس سواری کوہمارے بس میں کردیا اوریہ ہمارے بوتے (طاقت) کی نہ تھی اوربیشک ہمیں اپنے رب کی طرف پلٹنا ہے۔(3)



________________________________
1 -    مستدرک ،  کتاب البر والصلۃ،  باب برّو ا آباءکم تبرکم ابناؤکم،   ۵ / ۲۱۳،   حدیث: ۷۳۴۰
2 -    ابن ماجہ ،  کتاب الجھاد ،  باب تشییع الغزاۃ  ووداعھم،   ۳ / ۳۷۲،   حدیث: ۲۸۲۵ ماخوذاً
3 -    ابو داود ،  کتاب الجھاد،   باب ما يقول الرجل اذا ركب،   ۳ / ۴۹،   حدیث :۲۶۰۲