سفر کے مدنی پھول
پیارے مدنی منو! اکثر و بیشتر ہمیں سفر کی ضرورت پیش آتی رہتی ہے، لہٰذا ہم کوشش کرکے سفر کی بھی کچھ نہ کچھ سنتیں وآداب سیکھ لیں تاکہ ان پر عمل کرکے ہم اپنے سفر کو بھی حصولِ ثواب کا ذریعہ بناسکیں ۔چنانچہ،
سوال …: سفر در پیش ہو تو اس کی ابتدا کس دن شروع کرنا چاہئے؟
جواب …: ممکن ہو تو جمعرات کو سفر شروع کیا جائے کہ جمعرات کو سفر کی ابتدا کرنا سنت ہے(1)
سوال …: سفر عام طور پر کس وقت کرنا چاہئے، رات کو یا دن کو؟
جواب …: اگر سہولت ہو تو رات کو سفر کیا جائے کہ رات کو سفر جلد طے ہوتا ہے۔ جیسا کہ حضرت سیدنا انس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مروی ہے کہ سرکارِ مدینہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: رات کو سفر کیا کرو کیونکہ رات کو زمین لپیٹ دی جاتی ہے۔(2)
سوال …: اگر چند اسلامی بھائی مل کر قافلہ کی صورت میں سفر کریں تو انہیں کیا کرنا چاہئے؟
جواب …: اگر چند اسلامی بھائی مل کر قافلہ کی صورت میں سفر کریں تو کسی ایک کو امیر بنا لیں کہ امیر بنانا سنت ہے۔ چنانچہ حضرت سیدنا ابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مروی ہے کہ تاجدارِ مدینہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: جب تین آدمی سفر پر روانہ ہوں تو وہ اپنے میں سے ایک کو امیر بنا لیں ۔(3)
________________________________
1 - اشعۃاللمعات، ۳ / ۳۸۹
2 - ابو داود، کتاب الجھاد، باب فی الدلجۃ، ۳ / ۴۰، حدیث: ۷۱ ۲۵
3 - ابو داود ، کتاب الجھاد، باب فی القوم یسافرون الخ، ۳ / ۵۱، حدیث: ۲۶۰۹