(35)…اجتماع ذکر و (36)…نعت (37)…قرآن خوانی (38)…درسِ فیضانِ سنت (39)… علاقائی دورہ برائے نیکی کی دعوت (40)… سنتوں بھرا بیان کرتے وقت (41)… عالم (42)…ماں (43)… باپ (44)… مؤمن صالح (45)… پیر صاحب (46)… موئے مبارک کی زیارت اور (47)… مزار شریف کی حاضری کے مواقع پر بھی تعظیم کی نیت سے خوشبو لگائی جا سکتی ہے۔
٭…٭…٭
خوشبو لگانے کے مدنی پھول
خوشبو لگانا نہایت پیاری اور میٹھی سنت ہے، ہمارے میٹھے میٹھے سرکار، مدینے کے تاجدار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم خوشبو کو بے حد پسند فرماتے اور آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ہر وقت معطر معطر رہتے، آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم خوشبو کا بہت استعمال فرمایا کرتے تاکہ غلام بھی ادائے سنت کی نیت سے خوشبو لگایا کریں ورنہ اس بات میں کس کو شک وشبہ ہوسکتاہے کہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا وجودِ مسعود تو قدرتی طور پر خود ہی مہکتا رہتا اور آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا مبارک پسینہ بذاتِ خود کائنات کی سب سے بہترین خوشبو ہے۔ ؎
مشک و عنبر کیا کروں ؟ اے دوست خوشبو کے لئے
مجھ کو سلطانِ مدینہ کا پسینہ چاہیے
حضرت سیدنا جابر بن سمرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں کہ ایک بار میٹھے میٹھے سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اپنا دستِ پرانوار میرے چہرے پر پھیرا میں نے اسے ٹھنڈا اور ایسی خوشبودار ہوا کی طرح پایا جو کسی عطر فروش کے عطر دان سے نکلتی ہے۔(1)
________________________________
1 - مسلم، كتاب الفضائل ، باب طيب رائحة النبی صلي الله عليه وسلم الخ، ص ۱۲۷۱، حديث:۸۰ - (۲۳۲۹)