Brailvi Books

اسلام کی بنیادی باتیں جلد 3
195 - 329
ذو الحجۃ الحرام کی 8تاریخ کے افعال
سوال …:  	 حج کے دوران ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام کی 8تاریخ کو کیا کام کیے جاتے ہیں ؟ 
جواب …:  	 حج کے دوران ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام کی 8تاریخ کو درج ذیل کام کیے جاتے ہیں :  
٭…  اگر احرام(1) کی حالت میں نہ ہوں تو سب سے پہلے حج کا احرام باندھا جاتا ہے کیونکہ احرام کے بغیر حج نہیں ہوتا۔ 
٭…  پھر طلوعِ آفتاب کے بعد مِنٰی (2) کو روانگی ہوتی ہے۔ 
٭…  مِنٰی میں نمازِ ظہر تک پہنچ کر اگلی صبح نمازِ فجر تک قیام کیا جاتا ہے۔ 
ذو الحجۃ الحرام کی 9تاریخ کے افعال
سوال …:  	 ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام کی 9تاریخ کو کیا کام کیے جاتے ہیں ؟ 
جواب …:  	 ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام کی 9تاریخ کو درج ذیل کام کیے جاتے ہیں :  
٭…  نمازِ فجر مِنٰی میں ادا کرنے کے بعد میدانِ عرفات کا رخ کیا جاتا ہے۔ 
٭…  جب نمازِ ظہر کا وقت ہو جائے تو میدانِ عرفات میں نمازِ ظہر اور عصر ملا کر پڑھی جاتی ہیں (3)  مگر اسکی بعض شرائط ہیں ۔ 
٭…  میدانِ عرفات میں کم از کم ایک لمحہ ٹھہرنا حج کا پہلا رکن (یعنی فرض) ہے لہٰذا 9 ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام دوپہر ڈھلنے سے لے کر 10ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام صبح صادق کے درمیان جو کوئی احرام کے ساتھ ایک لمحہ کے لئے بھی میدانِ عرفات میں داخل ہو گیا وہ حاجی ہو گیا۔
٭…  پھر غروبِ آفتاب کے بعد میدانِ عرفات سے مزدلفہ (4) کے لئے روانہ ہوجائیں ۔ 



________________________________
1 -    جب حج یا عمرہ یا دو نوں کی نیت کرکے تلبیہ پڑھتے ہیں تو بعض حلال چیز یں بھی حرام ہوجاتی ہیں اس لئے اس کو احرام کہتے ہیں اور مجازاً ان بغیر سلی چادرو ں کو بھی احرام کہا جاتا ہے جن کو احرام کی حالت میں استعمال کیا جاتا ہے ۔ (بہارِ شریعت،   اصطلاحات،   ۱ / ۶۴)
2 -    مسجد الحرام سے پانچ کلو میٹر پرایک وادی ہے جہا ں حاجی صاحبان قیام کرتے ہیں۔(بہارِ شریعت،   اصطلاحات،   ۱ / ۶۸)
3 -    آپ اپنے اپنے خیموں ہی میں ظہر کی نماز ظہر کے وقت میں اور عصر کی نماز عصر کے وقت میں باجماعت ادا کیجئے۔ (رفیق الحرمین،   حاشیہ،   ص ۱۶۰)
4 -    مِنٰی سے عرفات کی طرف تقریبا ًپانچ کلو میٹر پر واقع ایک میدان ہے جہاں عرفات سے واپسی پررات بسر کرتے ہیں۔ یہاں صبح صادق اور طلوع آفتاب کے درمیان کم از کم ایک لمحہ وقوف واجب ہے۔ (بہارِ شریعت،   اصطلاحات،   ۱ / ۶۴)