اور حج مبرور کا ثواب جنت ہی ہے۔ (1)
حج کی اقسام
سوال …: حج کی کتنی قسمیں ہیں ؟
جواب …: حج کی تین قسمیں ہیں : (1)… حَجِّ قِرَان (2)… حَجِّ تَمَتُّع (3)… حَجِّ اِفْرَاد
سوال …: حَجِّ قِرَان سے کیا مراد ہے؟
جواب …: حَجِّ قِرَان سے یہ مراد ہے کہ حاجی عمرہ اور حج دونوں کا احرام ایک ساتھ باندھے۔
سوال …: حَجِّ تَمَتُّع سے کیا مراد ہے؟
جواب …: حَجِّ تَمَتُّع سے مراد یہ ہے کہ حاجی حج کے مہینے میں عمرہ کرے پھر اسی سال حج کا احرام باندھے یا پورا عمرہ نہ کیا، صرف چار پھیرے کیے پھر حج کا احرام باندھا۔
سوال …: حَجِّ اِفْرَاد سے کیا مراد ہے؟
جواب …: حَجِّ اِفْرَاد سے مراد یہ ہے کہ حاجی حج کے مہینے میں صرف حج کرے۔
سوال …: سب سے افضل حج کونسا ہے؟
جواب …: سب سے افضل قِران ہے پھر تمتّع پھر اِفراد۔
حج کے مہینے و ایام
سوال …: حج کے ایام کون سے ہیں ؟
جواب …: حج کا وقت شوال سے دسویں ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام تک یعنی دو مہینے اور دس دن ہے کہ اس سے پہلے حج کے افعال نہیں ہو سکتے۔(2)
________________________________
1 - ترمذی، کتاب الحج، باب ماجاء فی ثواب الحج و العمرۃ، ۲ / ۲۱۸، حدیث: ۸۱۰
2 - بہارِ شریعت، حج کا بیان، ۱ / ۱۰۳۶