مجلس کے اختتام کی دعا
سُبْحَانَكَ اللّٰہُمَّ وَبِحَمْدِكَ اَشْھَدُ اَن لَّاۤ اِلٰہَ اِلَّاۤ اَنْتَ اَسْتَغْفِرُكَ وَاَتُوْبُ اِلَیْكَ(1)
ترجمہ: تیری ذات پاک ہے اور اے اللہ ! تیرے ہی لیے تمام خوبیاں ہیں ، تیرے سوا کوئی معبود نہیں ، میں تجھ سے بخشش چاہتاہوں اور تیری طرف توبہ کرتاہوں ۔
٭…٭…٭
سورہ بقَرہ کے فضائل
صدر الافاضل حضرتِ علامہ مولانا سید محمد نعیم الدین مراد آبادی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْہَادِی خزائن العرفان میں سورۂ بقرہ کے تحت حاشیہ نمبر 1میں فرماتے ہیں: اس سورت میں 286 آیتیں، 40 رکوع، 6121 کلمے، پچیس ہزار پانچ سو حرف ہیں ۔ (خازن) پہلے قرآنِ پاک میں سورتوں کے نام نہ لکھے جاتے تھے، یہ طریقہ حجّاج نے نکالا ۔ ابنِ عربی کا قول ہے کہ سورۂ بقرہ میں ہزار امر، ہزار نہی، ہزار حکم، ہزار خبریں ہیں۔ اس کے اخذ میں برکت ، ترک میں حسرت ہے، اہلِ باطل جادو گر اس کی استطاعت نہیں رکھتے، جس گھر میں یہ سورت پڑھی جائے تین دن تک سرکش شیطان اس میں داخل نہیں ہوتا۔ مسلم شریف کی حدیث میں ہے کہ شیطان اس گھر سے بھاگتا ہے جس میں یہ سورت پڑھی جائے۔ (جمل) بیہقی و سعید بن منصور نے حضرت مغیرہ سے روایت کی کہ جو شخص سوتے وقت سورۂ بقرہ کی دس آیتیں پڑھے گا قرآن شریف کو نہ بھولے گا، وہ آیتیں یہ ہیں چار آیتیں اوّل کی اور آیت الکرسی اور دو اس کے بعد کی اور تین آخر سورت کی۔ مسئلہ: طبرانی وبیہقی نے حضرت ابنِ عمر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے روایت کی کہ حضور عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے فرمایا: میت کو دفن کر کے قبر کے سرہانے سورۂ بقرہ کے اول کی (پانچ) آیتیں اور پاؤں کی طرف آخر کی (دو) آیتیں پڑھو۔
(خزائن العرفان، پ۱، البقرۃ)
________________________________
- 1 ابو داود، كتاب الادب، باب فی كفارة المجلس، ۴ / ۳۴۸، حدیث: ۴۸۵۹