سوال …: کیا زکوٰۃ کی فرضیت قرآن و سنت سے ثابت ہے؟
جواب …: جی ہاں ! زکوٰۃ کی فرضیت کتاب وسنّت سے ثابت ہے۔ چنانچہ،
٭… اللہ عَزَّ وَجَلَّ قرآنِ پاک میں ارشاد فرماتا ہے :
وَاَقِیۡمُوا الصَّلٰوۃَ وَاٰتُوا الزَّکٰوۃَ (پ۱، البقرۃ: ۴۳)
ترجمۂ کنز الایمان: اور نماز قائم رکھو اور زکوٰۃ دو۔
صدر الافاضل حضرت مولانا سیدمحمد نعیم الدین مراد آبادی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْہَادِی اس آیت کے تحت تفسیر خزائن العرفان میں لکھتے ہیں : اس آیت میں نمازو زکوٰۃ کی فرضیت کا بیان ہے ۔
٭… شہنشاہِ مدینہ، قرارِ قلب و سینہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے جب حضرت سیدنا معاذ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ کو یمن کی طر ف بھیجاتو ارشاد فرمایا: ان کو بتاؤ کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے ان کے مالوں میں زکوٰۃ فرض کی ہے جو ان کے مال داروں سے لے کر فقرا کو دی جا ئے گی۔ (1)
سوال …: اگر کوئی زکوٰۃ کو فرض نہ مانے تو اس کے متعلق کیا حکم ہے؟
جواب …: اگر کوئی زکوٰۃ کو فرض نہ مانے تو وہ کافر ہے۔ (2)
سوال …: کیا زکوٰۃ دینے سے مال میں کمی ہوجاتی ہے؟
جواب …: جی نہیں ! زکوٰۃ دینے سے مال میں کمی نہیں ہوتی بلکہ مال پہلے سے بھی بڑھ جاتا ہے، لہٰذا زکوٰۃ دینے والے کو یہ یقین رکھتے ہوئے خوشدلی سے زکوٰۃ دینی چاہیے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کو بہتر بدلہ عطا فرمائے گا۔ چنانچہ، اللہ عَزَّوَجَلَّ کے مَحبوب، دانائے غُیوب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عظمت نشان ہے: صدقہ سے مال کم نہیں ہوتا۔(3) اگرچہ ظاہری طور پر مال کم ہوتا نظر آتا ہے لیکن حقیقت میں بڑھ رہا ہوتا ہے جیسے درخت
________________________________
1 - ترمذی، کتاب الزکوۃ، باب ما جاء فی کراھیۃ اخذ خیار المال فی الصدقۃ، ۲ / ۱۲۶، حدیث:۶۲۵ ملخصاً
2 - عالمگیری، کتاب الزکوۃ، الباب الاول، ۱ / ۱۷۰
3 - المعجم الاوسط، ۱ / ۶۱۸، حدیث: ۲۲۷۰