زبان کا روزہ
سوال …: زبان کے روزے سے کیا مراد ہے؟
جواب …: زبان کے روزے سے مراد یہ ہے کہ زَبان صرف اور صِرف نیک وجائز باتوں کیلئے ہی حَرَکت میں آئے۔ یعنی اپنی زبان کو جھوٹ، غیبت، چغلی، گالی گلوچ کرنے، بے حیائی، فضول اور کسی مسلمان کی دل آزاری والی باتیں کرنے، گانے ونغمے گانے، فحش وبےہودہ لطیفے سنانے سے بچا کر ذکر اللہ کرنے، نعتِ شریف پڑھنے، سچ بولنے، اذان واقامت کہنے، نماز پڑھنے، تلاوتِ قرآن پاک کرنے، سنتوں بھرا بیان اور اچھی اچھی باتیں کرنے میں استعمال کریں ۔
ہاتھ کا روزہ
سوال …: ہاتھ کے روزے سے کیا مراد ہے؟
جواب …: ہاتھ کے روزے سے مراد یہ ہے کہ جب بھی ہاتھ اُٹھیں ، صِرف نیک کاموں کے لئے اُٹھیں یعنی اپنے ہاتھوں کو کسی پر ظلم کرنے، رشوت لینے، تاش لڈو اور دیگر فضول کھیل کھیلنے، چوری کرنے اور جھوٹ لکھنے سے بچا کر قرآنِ پاک کو چھونے، مسلمان بھائی، علمائے کرام، مشائخ عظام سے مصافحہ کرنے، زکوٰۃ وصدقہ خیرات دینے، حلال کی محنت مزدوری کرنے اور دین کی پیاری پیاری باتیں لکھنے میں استعمال کریں۔
پاؤں کا روزہ
سوال …: پاؤں کے روزے سے کیا مراد ہے؟
جواب …: پاؤں کے روزے سے مراد یہ ہے کہ پاؤں صِرف نیک کاموں کیلئے اُٹھیں یعنی چلیں تو مسجد و مزاراتِ اولیا، سنتوں بھرے اجتماع ونیکی کی دعوت، مدنی قافلہ و سفر مدینہ کی طرف چلیں اور ہر گز سینما گھر، ڈرامہ گاہ، برُے دوستوں کی مجلسوں ، شطرنج، لُڈو، تاش، کرکٹ، فٹبال، ویڈیو گیمز وغیرہ کھیل کھیلنے یا دیکھنے کی طرف نہ چلیں ۔