اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے پَوشیدہ نہیں رَہ سکتی ۔ اللہ عَزَّ وَجَلَّ پراِس کا یہ یقینِ کامِل روزے کا عملی نتیجہ ہے کیونکہ دُوسری عِبادتیں کِسی نہ کِسی ظاہِری حَرَکت سے ادا کی جاتی ہیں مگر روزے کا تَعلُّق باطِن سے ہے۔ اِس کا حال اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے سِوا کوئی نہیں جانتا اگر وہ چُھپ کر کھا پی لے تب بھی لوگ تَو یِہی سمجھتے رہیں گے کہ یہ روزہ دار ہے مگر وہ محض خوفِ خدا کے باعث کھانے پینے سے اپنے آپ کو بچا رہا ہے اور یہی تو تقویٰ و پرہیزگاری ہے۔
سوال …: کس عمر میں روزہ رکھنا شروع کر دینا چاہئے؟
جواب …: چھوٹے مدنی منوں کو بھی روزہ رکھنے کی عادت ڈالنی چاہئے تاکہ جب وہ بالِغ ہوجائیں تو اُنہیں روزہ رکھنے میں دُشواری نہ ہو۔ چُنانچِہ،
اعلیٰ حضرت عَلَیْہِ رَحمَۃُ رَبِّ الْعِزَّت فرماتے ہیں : بچہ جیسے آٹھویں سال میں قدم رکھے اس کے ولی پر لازم ہے کہ اسے نماز روزے کا حکم دے اور جب اسے گیارھواں سال شروع ہو تو ولی پر واجب ہے کہ صوم و صلوٰۃ پر مارے بشرطیکہ روزے کی طاقت ہو اور روزہ ضرر (یعنی نقصان) نہ کرے۔ (1)
سوال …: کیا کبھی کسی نے دودھ پینے کی عمر میں روزہ رکھا ہے؟
جواب …: جی ہاں ہمارے گیارھویں والے پیر حضور غوثِ اعظم دستگیر شیخ عبد القادر جیلانی قُدِّسَ سِرُّہُ النّوْرَانِی دودھ پینے کی عمر میں ماہِ رمضان میں دن کے وقت اپنی والدہ ماجدہ کا دودھ نہیں پیتے تھے گویا کہ روزے سے ہوں ۔
سوال …: کیا روزہ رکھنے سے انسان بیمار ہو جاتا ہے؟
جواب …: جی نہیں ! روزہ رکھنے سے انسان بیمار نہیں ہوتا بلکہ تندرست ہو جاتا ہے جیسا کہ فرمانِ مُصطَفٰے صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ہے: صُوْمُوْا تَصِحُّوا یعنی روزہ رکھو صِحَّت یاب ہو جاؤ گے۔(2)
________________________________
1 - فتاویٰ رضویہ، ۱۰ / ۳۴۵
2 - المعجم الاوسط، ۶ / ۱۴۶، حدیث: ۸۳۱۲