سوال …: نفلی روزے سے کیا مراد ہے؟
جواب …: فرض اور واجب روزوں کے علاوہ باقی ہر طرح کا روزہ نفلی ہوتا ہے اگرچہ ان میں سے بعض روزے سنت اور مستحب بھی ہیں : مثلاً ٭… عاشورا یعنی دسویں محرم کا روزہ اور اس کے ساتھ نویں کا بھی ٭… ہر مہینے میں تیرھویں ، چودھویں ، پندرھویں کا روزہ ٭… عرفہ یعنی ذو الحجۃ الحرام کی 9تاریخ کا روزہ ٭… پیر اور جمعرات کا روزہ ٭… عید الفطر کے چھ روزے ٭… ایک دن چھوڑ کر روزہ رکھنا۔
سوال …: کیا کسی دن روزہ رکھنا منع بھی ہے؟
جواب …: جی ہاں ! عیدین کے دو دن اور ماہِ ذو الحجۃ الحرام میں ایّام تشریق (1) کے تین دن روزہ رکھنا مکروہِ تحریمی ہے۔
روزے کب اور کس پر فرض ہوئے؟
سوال …: رمضان کے روزے کب اور کس پر فرض ہوئے؟
جواب …: تَوحِیدو رِسالت کا اِقْرار کرنے اور تمام ضَروریاتِ دِین پر ایمان لانے کے بعد جس طرح ہر مُسلمان پر نَماز فَرْض قرار دی گئی ہے اسی طرح رَمَضان شریف کے روزے بھی ہر مُسلمان (مَرد وعورت) عاقِل وبالِغ پر فَرض ہیں اور یہ روزے ۱۰ شعبانُ الْمُعَظَّم دو ہجری کو فرض ہوئے۔
سوال …: قرآنِ مجید میں روزوں کی فرضیت کا حکم کس آیتِ مبارکہ میں ہے؟
جواب …: قرآنِ مجید میں روزوں کی فرضیت کا حکم سورۂ بقرہ کی آیت نمبر 183 میں ہے۔ چنانچہ ارشادِ باری تَعَالٰی ہے:
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا كُتِبَ عَلَیْكُمُ الصِّیَامُ كَمَا كُتِبَ عَلَى الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُوْنَۙ(۱۸۳) (پ ۲، البقرۃ: ۱۸۳)
ترجمۂ کنز الایمان: اے ایمان والو تم پر روزے فرض کئے گئے جیسے اگلوں پر فرض ہوئے تھے کہ کہیں تمہیں پرہیزگاری ملے۔
________________________________
1 - دس ذوالحجہ کے بعد کے تین دن(۱۱، ۱۲، ۱۳) کو ایام تشریق کہتے ہیں۔ (بہارِ شریعت، حصہ چہارم کی اصطلاحات، ۱ / ۵۵)