Brailvi Books

اسلام کی بنیادی باتیں جلد 3
170 - 329
  سوال …:  	بزرگانِ دِین رَحِمَہُمُ اللّٰہُ الْمُبِیْن کی نیاز کیا مال دار بھی کھا سکتے ہیں ؟
جواب …:  	جی ہاں !  بزرگانِ دِین رَحِمَہُمُ اللّٰہُ الْمُبِیْن کی نیاز مال دار بھی کھا سکتے ہیں ۔ مثلاً رَجب شریف کے کونڈے، محرم کا شربت یا کھچڑا، ماہِ ربیع الآخر کی گیارہویں شریف جس میں حضرتِ سیِّدنا غَوْثِ اَعظم شیخ عَبْدُالْقَادِر جیلانی قُدِّسَ  سِرُّہُ النّوْرَانِی کی فاتحہ دلائی جاتی ہے، رَجب کی چَھٹی تاریخ حضور خواجہ غریب نواز حضرتِ سیِّدنا مُعِیْنُ الدِّیْن چشتی اجمیری رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کی فاتحہ دلائی جاتی ہے، یونہی حضور غوثِ پاک رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کا توشہ یا حضرت ِ سیِّدناشیخ عَبْدُالْحَق رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کا توشہ وغیرہ یہ سب وہ چیزیں ہیں جو صدیوں سے مسلمانوں کے عوام و خواص اورعلما و فضلا میں جاری ہیں اور ان میں خاص اِہتمام کیا جاتا ہے۔ اُمرا بھی اس میں ذَوق و شوق سے شریک ہوتے ہیں اور لنگر وغیرہ کے کھانے سے فیض پاتے ہیں ۔
ایصالِ ثواب و فاتحہ کا طریقہ 
  سوال …:  	ایصالِ ثواب کا طریقہ کیا ہے؟ 
جواب …:  	ایصالِ ثواب کوئی مشکل کام نہیں صرف اتنا کہدینا یادل میں نیّت کر لینا بھی کافی ہے:  یااللہ  عَزَّ وَجَلَّ  !  میں نے جو قرآنِ پاک پڑھا (یافُلاں فُلاں عمل کیا) اس کا ثواب میری والِدہ ٔ مرحومہ یا میرے فلاں رشتے دار کو پہنچا۔ اِنْ شَآءَ اللہ  عَزَّ وَجَلَّ  ثواب پہنچ جائے گا۔
  سوال …:  	فاتحہ کا طریقہ کیا ہے؟ 
جواب …:  	آج کل مسلمانوں میں خُصُوصاً کھانے پر جو فاتِحہ کا طریقہ رائج ہے وہ بھی بہت اچّھا ہے، اس دوران تلاوت وغیرہ کا بھی ایصالِ ثواب کیا جا سکتا ہے۔ جن کھانوں کا ایصالِ ثواب کرنا ہے وہ سارے یا سب میں سے تھوڑا تھوڑاکھانا نیز ایک گلاس میں پانی بھر کر سب کچھ سامنے رکھ لیجئے۔