Brailvi Books

اسلام کی بنیادی باتیں جلد 3
166 - 329
قبر پر مٹی ڈالنے کا طریقہ
سوال …:  	 قبر پر مٹی ڈالنے کا طریقہ بتائیے؟ 
جواب     …:   قبر پر مٹی ڈالنے کا مستحب طریقہ یہ ہے کہ سرہانے کی طرف سے دونوں ہاتھوں سے تین بار مٹی ڈالیں ۔ پہلی بار کہیں :  مِنْہَا خَلَقْنٰکُمْ ، دوسری بار:  وَ فِیۡہَا نُعِیۡدُکُمْ ، تیسری بار:  وَ مِنْہَا نُخْرِجُکُمْ تَارَۃً اُخْرٰی کہیں ۔ اب باقی مٹی پھاوڑے وغیرہ سے ڈال دیں ۔ 
سوال …:  	 قبر پر کس قدر مٹی ڈالنا چاہئے؟ 
جواب     …:   قبر پر صرف اسی قدر مٹی ڈالیں جس قدر قبر سے نکلی ہو، اس سے زیادہ ڈالنا مکروہ ہے۔
سوال …:  	 قبرکیسی بنانی چاہئے؟ 
جواب     …:   قبر اونٹ کے کوہان کی طرح ڈھال والی بنانا چاہئے۔
سوال …:  	 قبر زمین سے کس قدر اونچی ہونی چاہئے؟ 
جواب     …:   قبر زمین سے ایک بالشت اونچی ہو یا اس سے معمولی زیادہ۔ (1)
تدفین کے بعد کے امور
سوال …:  	 تدفین کے بعد کیا کرنا چاہئے؟ 
جواب     …:  	 تدفین کے بعد درج ذیل کام کرنا چاہئیں :  
٭…  پانی چھڑکنا سنت ہے۔اس کے علاوہ بعد میں پودے وغیرہ کو پانی دینے کی غرض سے چھڑکیں تو جائز ہے۔آ ج کل جو بلا وجہ قبروں پر پانی چھڑکا جاتا ہے اس کو فتاویٰ رضویہ شریف، ج ۴  ص ۱۸۵ پر اسراف لکھا ہے۔
٭…  دفن کے بعد سرہانے الٓـمّٓ تا اَلْمُفْلِحُوۡنَ اور قدموں کی طرف اٰمَنَ الرَّسُوۡلُ سے ختم سورہ تک پڑھنا مستحب ہے۔



________________________________
1 -    رد المحتار،   کتاب الصلاۃ،   باب صلاۃ الجنازۃ،   مطلب فی دفن المیت،   ۳ / ۱۶۸