تَدْفِین
سوال …: میت کو قبر میں اتارنے کے لیے قبر کے پاس کس طرف رکھنا چاہئے؟
جواب …: میت کو قبر سے قبلہ کی جانب رکھنا مستحب ہے تاکہ میت قبلہ کی طرف سے قبر میں اتاری جائے۔
سوال …: میت کو قبر میں اتارتے وقت کتنے آدمی ہونے چاہئیں ؟
جواب …: میت قبر میں اتارتے وقت حسبِ ضرورت دو یا تین آدمی کافی ہیں ۔ بہتر ہے کہ وہ لوگ قوی اور نیک ہوں ۔
سوال …: عورت کی میت قبر میں اتارتے ہوئے کن باتوں کو پیشِ نظر رکھنا چاہئے؟
جواب …: عورت کی میت قبر میں محارم (1) اتاریں ۔ یہ نہ ہوں تو دیگر رشتے دار، یہ بھی نہ ہوں تو پرہیزگاروں سے اتروائیں ۔ نیز میت کو اتارنے سے لے کر تختے لگانے تک کسی کپڑے سے چھپائے رکھیں ۔
سوال …: میت کو قبر میں اتارتے وقت کیا دعا پڑھنا چاہئے؟
جواب …: میت کو قبر میں اتارتے وقت یہ دعا پڑھیں :
بِسْمِ اللّٰهِ وَ بِاللّٰهِ وَعَلٰی مِلَّةِ رَسُوْلِ اللّٰهِ
سوال …: میت کو قبر میں لٹاتے وقت کیا کرنا چاہئے؟
جواب …: میت کو قبر میں لٹاتے وقت درج ذیل باتوں کا خیال رکھنا چاہئے:
٭… میت کو سیدھی کروٹ پر لٹائیں ۔
٭… اگر سیدھی کروٹ پر لٹانا ممکن نہ ہو تو س کا منہ پھیر کر قبلہ کی طرف کردیں ۔ بشرطیکہ آسانی سے ممکن ہو ورنہ زبردستی نہ کریں کہ میت کو تکلیف ہو گی۔
٭… کفن کی بندش کھول دیں کہ اب ضرورت نہیں ، نہ کھولی تو بھی حرج نہیں ۔
________________________________
1 - یعنی ایسے قریبی رشتے دار جن سے اس عورت کا زندگی میں نکاح حرام تھا۔