Brailvi Books

اسلام کی بنیادی باتیں جلد 3
164 - 329
بالغ کی نمازِ جنازہ سے پہلے یہ اعلان کیجئے
مرحوم کے عزیزو احباب توجہ فرمائیں ۔ مرحوم نے اگر زندگی میں کبھی آپ کی دل آزاری یا حق تلفی کی ہو تو ان کو معاف کر دیجئے، اِنْ شَآءَ اللہ  عَزَّ وَجَلَّ  مرحوم کا بھی بھلا ہو گا اور آپ کو بھی ثواب ملے گا اگر کوئی لین دین کا معاملہ ہو تو مرحوم کے وارثوں سے رابطہ کیجئے۔ نمازِ جنازہ کی نیت اور اس کا طریقہ بھی سن لیجئے:   ’’ میں نیت کرتا ہوں اس جنازہ کی نماز کی، واسطے اللہ  عَزَّ وَجَلَّ  کے، دعا اس میت کے لیے پیچھے اس امام کے۔ ‘‘  اگر یہ الفاظ یاد نہ رہیں تو کوئی حرج نہیں ، آپ کے دل میں یہ نیت ہونی ضروری ہے کہ  ’’ میں اس میت کی نمازِ جنازہ پڑھ رہا ہوں ۔ ‘‘  جب امام صاحب اَللهُ اَکْبَر کہیں تو کانوں کی لو تک ہاتھ اٹھانے کے بعد اَللهُ اَکْبَر کہتے ہوئے فوراً حسبِ معمول ناف کے نیچے باندھ لیجئے اور ثنا پڑھئے۔ دوسری بار امام صاحب اَللهُ اَکْبَر کہیں تو آپ بغیر ہاتھ اٹھائے اَللهُ اَکْبَر کہیے پھر نماز والا درودِ ابراہیم پڑھئے تیسری بار امام صاحب اَللهُ اَکْبَر کہیں تو آپ بغیر ہاتھ اٹھائے اَللهُ اَکْبَر کہئے او ربالغ کے جنازہ کی دعا پڑھئے (اگر نابالغ یا نابالغہ ہے تو اس کی دعا پڑھنے کا اعلان کرنا ہے) جب چوتھی بار امام صاحب اَللهُ اَکْبَر کہیں تو آپ اَللهُ اَکْبَر کہہ کر دونوں ہاتھوں کو کھول کر لٹکا دیجئے اور امام صاحب کے ساتھ قاعدے کے مطابق سلام پھیر دیجئے۔