جواب …: میت سے متعلق شرائط یہ ہیں :
٭… میّت کا مسلمان ہونا۔
٭… میّت کے بدن و کفن کا پاک ہونا۔
٭… جنازہ کا وہاں موجود ہونا یعنی کُل یا اکثر یا نصف (آدھا بدن) مع سر کے موجود ہونا، لہٰذا غائب کی نماز نہیں ہو سکتی۔
٭… جنازہ نمازی کے آگے قبلہ کی طرف ہو، اگر نمازی کے پیچھے ہوگا نماز صحیح نہ ہوگی۔
٭… میّت کا وہ حصۂ بدن چُھپا ہو جس کا چھپانا فرض ہے۔
٭… میّت امام کے محاذی (یعنی اس کی سیدھ میں ) ہو یعنی اگر ایک میّت ہے تو اُس کا کوئی حصۂ بدن امام کے محاذی ہو اور چند ہوں تو کسی ایک کا حصۂ بدن امام کے محاذی ہونا کافی ہے۔
نمازِ جنازہ کے فرائض اور سنتیں
سوال …: نمازِ جنازہ کے فرائض اور سنتیں بتائیے؟
جواب …: نماز جنازہ کے دو فرض ہیں : (۱) چار بار اَللهُ اَکْبَر کہنا (۲) قیام۔
اس میں تین سنتِ مؤکدہ ہیں : (۱) ثنا (۲) درود شریف (۳) میت کیلئے دعا۔
نمازِ جنازہ کا طریقہ
٭… مقتدی اس طرح نیت کرے: میں نیت کرتا ہوں اس جنازہ کی نماز کی ، واسطے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے، دعا اس میت کیلئے، پیچھے اس امام کے ۔ـ
٭… اب امام و مقتدی پہلے کانوں کی لو تک ہاتھ اٹھائیں اور اَللّٰهُ اَکْبَر کہتے ہوئے فوراً حسبِ معمول ناف کے نیچے باندھ لیں ۔