٭… نہلانے والا اپنے ہاتھ پر کپڑا لپیٹ کر استنجا کروائے (یعنی پانی سے دھوئے) ۔
٭… پھر نماز جیسا وضو کروائیں یعنی تین بار منہ پھر کہنیوں سمیت دونوں ہاتھ تین تین بار دھلائیں ، پھر سر کا مسح کریں ، پھر تین بار دونوں پاؤں دھلائیں ۔ (1)
٭… پھر سر اور داڑھی کے بال ہوں تو وہ دھوئیں ۔
٭… اب بائیں (یعنی الٹی) کروٹ پر لٹا کر بیری کے پتوں کا جوش دیا ہوا (نیم گرم) پانی اور یہ نہ ہو تو خالص پانی نیم گرم سر سے پاؤں تک بہائیں کہ تختہ تک پہنچ جائے۔
٭… پھر سیدھی کروٹ لٹا کر بھی اسی طرح کریں ۔
٭… پھرٹیک لگا کر بٹھائیں اور نرمی کے ساتھ پیٹ کے نچلے حصے پر ہاتھ پھیریں اور کچھ نکلے تو دھو ڈالیں ۔ دوبارہ وضو اور غسل کی حاجت نہیں ۔
٭… پھر آخر میں سر سے پاؤں تک تین بار کافور کا پانی بہائیں ۔
٭… پھر کسی پاک کپڑے سے بدن آہستہ سے پونچھ دیں ۔
مسنون کفن اور اس کی تفصیل
سوال …: مرد وعورت کا مسنون کفن کیا ہے؟
جواب …: مرد کے کفن میں تین کپڑے ہوتے ہیں : (1)… لفافہ (2)… ازار اور (3)… قمیص۔
اور عورت کے لیے مذکورہ تین کے علاوہ دو مزید ہوتے ہیں یعنی (4)… سینہ بند اور (5)… اوڑھنی ۔
(1)… لفافہ (یعنی چادر) میت کے قد سے اتنی بڑی ہو کہ دونوں طرف سے باندھ سکیں ۔
(2)… ازار (یعنی تہبند) چوٹی سے قدم تک ہو۔
________________________________
1 - میت کے وضو میں پہلے گٹّوں تک ہاتھ دھونا، کلی کرنا اور ناک میں پانی ڈالنا نہیں ہے۔ البتہ کپڑے یا روئی کے پھریرے بھگو کر دانتوں، مسوڑھوں، ہونٹوں اور نتھنوں پر پھیر دیں۔