نمازِ جنازہ
تجہیز و تکفین
سوال …: نمازِ جنازہ سے قبل کیا میت کے لیے کوئی خاص اہتمام کیا جاتا ہے؟
جواب …: جی ہاں ! نمازِ جنازہ سے قبل میت کی تجہیز و تکفین کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
سوال …: تجہیز و تکفین سے کیا مراد ہے؟
جواب …: تجہیز سے مراد میت کو غسل وغیرہ دینااور تکفین سے مراد میت کو کفن پہنانا ہے۔
سوال …: غسل میت کے فرائض بتائیں ؟
جواب …: ایک بار سار ے بدن پر پانی بہانا فرض ہے اور تین بار سنت۔
غسل میت کا طریقہ
سوال …: غسل میت کا طریقہ بتائیں ؟
جواب …: غسل میت کا طریقہ یہ ہے:
٭… اگر بتیاں یا لوبان جلا کر تین، پانچ یا سات بار غسل کے تختے کو دھونی دیں یعنی اتنی بار تختے کے گرد پھرائیں ۔
٭… تختے پر میت کو اس طرح لٹائیں جیسے قبر میں لٹاتے ہیں ۔
٭… ناف سے گھٹنوں سمیت کپڑے سے چھپا دیں ۔ (1)
________________________________
1 - آج کل غسل کے دوران سفید کپڑا اوڑاھتے ہیں، پانی لگنے سے بے پردگی ہوتی ہے، لہٰذا کتھئی یا گہرے رنگ کا اتنا موٹا کپڑا ہو کہ پانی پڑنے سے ستر نہ چمکے، کپڑے کی دو تہیں کر لیں تو زیادہ بہتر۔