نمازِ عیدین و نمازِ جمعہ میں فرق
سوال …: کیا نمازِ جمعہ اور نمازِ عیدین کی ادائیگی میں کوئی فرق ہے؟
جواب …: جی ہاں ! نمازِ جمعہ اور نمازِ عیدین کی ادائیگی میں بنیادی طور پر تین فرق ہیں :
٭… جمعہ میں خطبہ شرط ہے اور عیدین میں سنت۔ اگر جمعہ میں خطبہ نہ پڑھا تو جمعہ نہ ہوا اور عیدین میں نہ پڑھا تو نماز ہوگئی مگر بُرا کیا۔
٭… جمعہ کا خطبہ نماز سے پہلے ہوتا ہے اور عیدین کا نماز کے بعد۔ اگر پہلے پڑھ لیا تو بُرا کیا، مگر نماز ہوگئی لوٹائی نہیں جائے گی۔
٭… جمعہ کی نماز سے پہلے اذان و اقامت ہوتی ہے مگر عیدین میں نہ اذان ہے نہ اقامت۔ صرف دوبار اتنا کہنے کی اجازت ہے: اَلصَّلٰوةُ جَامِعَةٌؕ۔
نمازِ عید کا طریقہ
سوال …: کیا عیدین کی نمازوں اور عام نمازوں کی ادائیگی میں بھی کوئی فرق ہے؟
جواب …: جی ہاں ! عیدین کی نمازوں اور عام نمازوں کی ادائیگی میں معمولی سا فرق ہے۔
سوال …: نمازِ عید کا طریقہ کیا ہے؟
جواب …: نمازِ عید کا طریقہ یہ ہے:
٭… سب سے پہلے نمازی کو چاہیے کہ اس طرح نیت کرے:
میں نیت کرتا ہوں دو رکعت نمازِ عیدالفطر (یا عیدالاضحی) کی، ساتھ چھ زائد تکبیروں کے، واسطے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے، (مقتدی یہ بھی کہے: پیچھے اس امام کے) منہ طرف قبلہ شریف۔
٭… پھر کانوں کی لو تک ہاتھ اٹھائے اور اَللهُ اَکْبَر کہہ کر حسبِ معمول ناف کے نیچے باندھ لے۔