Brailvi Books

اسلام کی بنیادی باتیں جلد 3
137 - 329
جواب …:  	 سرکارِ دو جہاں صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے حکم سے سب سے پہلے جمعہ حضرت سیِّدُنا مصعب بن عمیر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ نے پڑھایا۔ 
سوال …:  	 کیا سب سے پہلی نمازِ جمعہ مسجد نبوی میں ادا کی گئی تھی؟ 
جواب …:  	 جی نہیں !  اس وقت تک مسجد نبوی نہیں بنی تھی بلکہ یہ نماز حضرت سیِّدُنا سعد بن خَیْثَمہ انصاری رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ کے گھر پر ادا کی گئی۔ 
سوال …:  	 جس مسجد میں جمعہ ہوتا ہے اسے کیا کہتے ہیں ؟ 
جواب …:  	 جس مسجد میں جُمُعہ پڑھا جاتا ہے اُس کو جامع مسجِد کہتے ہیں ۔
آقا کا پہلا جمعہ 
سوال …:  	 سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے سب سے پہلا جمعہ کب اور کہاں ادا فرمایا؟ 
جواب …:  	  سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم جب ہجرت کر کے مدینۂ طیِّبہ تشریف لائے تو 12 ربیع الاوّل پیر شریف کو چاشت کے وَقت مقامِ قُباء میں اقامت فرمائی۔ پیر، منگل، بدھ اور جمعرات یہاں قِیام فرمایا اور ایک مسجِد کی بُنیاد رکھی۔ پھر جُمُعہ کے دن مدینہ شریف روانہ ہوئے، راستے میں بنی سالم ابنِ عَوف کے بَطنِ وادی میں جُمُعہ کا وقت ہوا تو اس جگہ کو لوگوں نے مسجِد بنایا اور یوں سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے وہاں 16ربیع الاوّل کو پہلا جُمُعہ ادا فرمایا۔(1)
سوال …:  	 سرکارِ دو عالم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اپنی حیاتِ طیبہ میں کل کتنے جمعہ ادا فرمائے؟ 
جواب …:  	 سرکارِ دو عالم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اپنی حیاتِ طیبہ میں تقریباً 500 جُمعے ادا فرمائے۔(2)




________________________________
1 -    خزائن العرفان،   پ۲۸،   الجمعۃ،   تحت الایۃ ۹،   حاشیہ نمبر ۲۱
2 -    مراٰۃ المناجیح،   خطبہ اور نماز،   ۲ / ۳۴۶   ملخّصاً