Brailvi Books

اسلام کی بنیادی باتیں جلد 3
131 - 329
سوال   …:  	 مدارس میں طالب علم قرآنِ کریم یاد کرنے کے لیے ایک ہی آیت ایک ہی جگہ بیٹھے بیٹھے بار بار پڑھتے ہیں تو کیا آیتِ سجدہ بار بار پڑھنے اور سننے سے بار بار سجدہ کرنا ہو گا؟ 
جواب     …:  	 جی نہیں !  ایک ہی مجلس میں سجدے کی ایک آیت کو بار بار پڑھا یا سنا تو ایک ہی سجدہ واجِب ہو گا، اگرچِہ چند شخصوں سے سنا ہو یونہی اگر آیت پڑھی اور وُہی آیت دوسرے سے سنی جب بھی ایک ہی سجدہ واجِب ہو گا۔(1)
سوال   …:  	 اگر کوئی پوری سورت تلاوت کرے مگر آیتِ سجدہ نہ پڑھے تو اس کے متعلق کیا حکم ہے؟ 
جواب     …:  	 پوری سورت پڑھنا اور آیتِ سجدہ چھوڑ دینا مکروہِ تحریمی ہے اور صرف آیتِ سجدہ کے پڑھنے میں کراہت نہیں ، مگر بہتر یہ ہے کہ دو ایک آیت پہلے یا بعد کی ملالے۔(2)
سجدۂ تِلاوت کا طریقہ
سوال   …:  	 سجدے کا مسنون طریقہ کیا ہے؟ 
جواب     …:  	 سجدے کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ کھڑے ہو کر اَللهُ اَکْبَر کہتے ہوئے سجدے میں جایئے اور کم سے کم تین بار سُبْحٰنَ رَبِّیَ الْاَعْلٰی کہئے، پھر اَللهُ اَکْبَر کہتے ہوئے کھڑے ہو جایئے، پہلے پیچھے دونوں بار اَللهُ اَکْبَر کہنا سنّت ہے اور کھڑے ہو کر سجدے میں جانا اور سجدے کے بعد کھڑا ہونا یہ دونوں قِیام مُسْتَحَب ہیں ۔(3) لہٰذا بیٹھ کر بھی سجدۂ تلاوت کر سکتے ہیں ۔ 
سوال   …:  	 کیا سجدۂ تلاوت میں یہ نیت ہونا ضروری ہے کہ یہ سجدہ فلاں آیت کا ہے؟ 
جواب     …:  	 جی نہیں !  سجدۂ تلاوت کی نیّت میں یہ ضروری نہیں کہ فُلاں آیت کا سجدہ ہے بلکہ مُطلَقاً سجدۂ تلاوت کی نیّت کافی ہے۔ 



________________________________
 - 1   درمختارو رد المحتار،   کتاب الصلاۃ،   باب سجود التلاوۃ،    ۲ / ۷۱۲
 - 2   در مختار،   کتاب الصلاۃ،   باب سجود التلاوۃ،   ۲ / ۷۱۷
 - 3   درمختار،   کتاب الصلاۃ،   باب سجود التلاوۃ،   ۲ / ۶۹۹