Brailvi Books

اسلام کی بنیادی باتیں جلد 3
130 - 329
سجدۂ تلاوت کا شرعی حکم
سوال   …:  	 آیتِ سجدہ کا شرعی حکم کیا ہے؟ 
جواب     …:  	 آیتِ سجدہ پڑھنے یا سننے سے سجدہ واجِب ہو جاتا ہے۔(1)
سوال   …:  	 اگر کسی نے آیتِ سجدہ کا ترجمہ پڑھا یا سنا تو کیا اس پر بھی سجدہ کرنا لازم ہے؟ 
جواب     …:  	 جی ہاں !  اگر کسی نے فارسی یا کسی اور زَبان میں آیت کا ترجَمہ پڑھا تو پڑھنے والے اور سننے والے پر سجدہ واجِب ہوگیا۔ (2)
سوال   …:  	 اگر کسی نے پوری آیتِ سجدہ نہ پڑھی بلکہ کچھ حصہ ہی پڑھا یا سنا تو اس کے متعلق کیا حکم ہے؟ 
جواب     …:  	 سجدہ واجب ہونے کے لئے پوری آیت پڑھناضَروری نہیں بلکہ وہ آیتِ مبارکہ جس میں لفظِ سجدہ کا مادَّہ پایا جاتا ہے اور اس کے ساتھ قبل یا بعد کا کوئی لفظ ملا کر پڑھنا کافی ہے۔(3)
سوال   …:  	 کیا آیتِ سجدہ پڑھنے یا سننے سے فوراً سجدہ کرنا ضروری ہے یا بعد میں بھی کر سکتے ہیں ؟ 
جواب     …:  	 اگر آیتِ سجدہ نماز میں پڑھی گئی تو سجدہ بھی نماز میں فوراً کرنا واجب ہے اور اگر آیتِ سجدہ بَیرونِ نماز (یعنی نماز کے باہَر) پڑھی تو فوراً سجدہ کر لینا واجِب نہیں ۔ ہاں بہتر ہے کہ فوراً کر لے اور وُضو ہو تو تاخیر مکروہِ تنزیہی۔(4) اور اگر کسی وجہ سے فوراً سجدہ نہ کرسکے تو پڑھنے و سننے والے کو یہ کہہ لینا مُسْتَحَب ہے: 
 سَمِعْنَا وَ اَطَعْنَا٭۫ غُفْرَانَکَ رَبَّنَا وَ اِلَیۡکَ الْمَصِیۡرُ)۲۸۵((پ۳، البقرۃ: ۲۸۵) 
ترجَمۂ کنز الایمان:  ہم نے سُنا اور مانا، تیری معافی ہو اے رب ہمارے اور تیری ہی طرف پھرنا ہے۔ (5)  



________________________________
 - 1   الھدَایہ،   کتاب الصلاۃ،   باب سجود التلاوۃ،   ۱ / ۷۸
 - 2   بہارِ شریعت،   سجدۂ تلاوت کا بیان،   ۱ / ۷۳۰
 - 3   رد المحتار،   کتاب الصلاۃ،   باب سجود التلاوۃ،   ۲ / ۶۹۴
 - 4   بہارِ شریعت،   سجدۂ تلاوت کا بیان،   ۱ / ۷۳۳ ملتقطاً
 - 5   ردالمحتار،   کتاب الصلاۃ،   باب سجود التلاوۃ،   ۲ / ۷۰۳