دعائے قنوت
سوال …: کیا دُعائے قنوت پڑھنا فرض ہے؟
جواب …: جی نہیں ! دُعائے قنوت پڑھنا فرض نہیں بلکہ واجب ہے۔
سوال …: کیا دُعائے قنوت کسی خاص دعا کا نام ہے؟
جواب …: جی نہیں ! دُعائے قنوت کسی خاص دُعا کا نام نہیں اور نہ ہی وتر میں کسی خاص دُعا کا پڑھنا ضروری ہے، بلکہ ہر وہ دُعا جو سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے ثابت ہے پڑھ لی جائے جب بھی حرج نہیں ، البتہ! سب میں زیادہ مشہور دُعا یہ ہے اور عام لوگ اسی دُعا کو دُعائے قنوت بھی کہتے ہیں :
اَللّٰھُمَّ اِنَّا نَسْتَعِیْنُكَ وَنَسْتَغْفِرُكَ وَنُؤْمِنُ بِكَ وَنَتَوَكَّلُ عَلَیْكَ وَنُثْنِیْ عَلَیْكَ الْخَیْرَ وَنَشْكُرُكَ وَلَا نَكْفُرُكَ وَنَخْلَعُ وَنَتْرُكُ مَنْ یَّفْجُرُكَ ؕاَللّٰھُمَّ اِیَّاكَ نَعْبُدُ وَلَكَ نُصَلِّیْ وَنَسْجُدُ وَاِلَیْكَ نَسْعٰی وَنَحْفِدُ وَنَرْجُوْ رَحْمَتَكَ وَنَخْشٰی عَذَابَكَ اِنَّ عَذَابَكَ بِالْكُفَّارِ مُلْحِقٌ ؕ
ترجمہ: اے اللہ ! ہم تجھ سے مدد چاہتے ہیں اور تجھ سے بخشش مانگتے ہیں اور تجھ پر ایمان لاتے ہیں اور تجھ پر بھروسا رکھتے ہیں اور تیری بہت اچھی تعریف کرتے ہیں اور تیرا شکر کرتے ہیں اور تیری ناشکری نہیں کرتے اور الگ کرتے ہیں اور چھوڑتے ہیں اس شخص کو جو تیری نافرمانی کرے، اے اللہ! ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور تیرے ہی لئے نماز پڑھتے اور سجدہ کرتے ہیں اور تیری ہی طرف دوڑتے اور خدمت کیلئے حاضر ہوتے ہیں اور تیری رحمت کے امیدوار ہیں اور تیرے عذاب سے ڈرتے ہیں بیشک تیرا عذاب کافروں کو ملنے والا ہے۔
سوال …: کیا باقی دُعاؤں کی طرح دُعائے قنوت کے بعد دُرُودِ پاک پڑھ سکتے ہیں ؟
جواب …: جی ہاں ! دُعائے قنوت کے بعد درود شریف پڑھ سکتے ہیں بلکہ یہ بہتر بھی ہے۔(1)
________________________________
- 1 بہارِ شریعت، وتر کا بیان، ۱ / ۶۵۵