سوال: قرآن شریف کی تلاوت کے دوران جماہی آ جائے تو کیا کرنا چاہیے؟
جواب: قرآن شریف کی تلاوت کے دوران جماہی آجائے تو تلاوت موقوف (یعنی بند) کر دیں کیونکہ جماہی شیطانی اثر ہے۔
سوال: قرآن شریف کی تلاوت کے دوران اگر پیر صاب، عالم دین، استاذ صاحب یا والدین میں سے کوئی آجائے تو کیا ان کی تعظیم کے لئے کھڑے ہوسکتے ہیں ؟
جواب: جی ہاں ! تلاوت موقوف کر کے ان کی تعظیم کے لئے کھڑے ہو سکتے ہیں ۔
سوال: بعض لوگ کہتے ہیں کہ اگر قرآنِ پاک کھلا ہوتو اسے شیطان پڑھتا ہے اس کی کیا حقیقت ہے؟
جواب: یہ بات غلط ہے اور اس کی کوئی اَصل نہیں ۔
سوال: قرآنِ پاک کو جُزدان یا غلاف میں رکھنے کا کیا حکم ہے؟
جواب: قرآنِ پاک کو جُزدان یا غلاف میں رکھنا جائز ہے۔ صحابۂ کرام رِضْوَانُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن کے دورِ مبارک سے مسلمانوں کا اس پر عمل ہے۔
سوال: قرآنِ مجید کو بلند آواز سے پڑھنا کیسا ہے؟
جواب: قرآنِ مجید کو بلند آواز سے پڑھنا افضل ہے کہ جہاں تک آواز پہنچے گی وہ اشیا پڑھنے والے کے ایمان کی بروزِ قیامت گواہ ہوں گی۔ البتہ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ کسی نمازی، بیمار اور سونے والے کو تکلیف نہ پہنچے۔