سوال: وہ کونسے نبی عَلَیْہِ السَّلَام ہیں جن کی مبارک انگلیوں سے پانی کے چشمے جاری ہوئے؟
جواب: وہ نبی ہمارے آقا سرورِ دو عالم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ہیں ۔
سوال: وہ کونسے نبی عَلَیْہِ السَّلَام ہیں جنہیں کافروں نے آگ میں ڈالا تو وہ ان پر ٹھنڈی ہو گئی؟
جواب: حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام کو کافروں نے آگ میں ڈالا تو وہ ان پر ٹھنڈی ہو گئی۔
سوال: وہ آیت مع تر جمہ سنائیں جس میں حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام پر آگ ٹھنڈی ہونے کا ذکر ہے؟
جواب: قُلْنَا یٰنَارُ كُوْنِیْ بَرْدًا وَّ سَلٰمًا عَلٰۤى اِبْرٰهِیْمَۙ (۶۹) (پ۱۷، الانبياء: ۶۹)
تر جمہ ٔ کنز الایمان: ہم نے فرمایا اے آ گ ہو جا ٹھنڈی اور سلامتی ابراہیم پر ۔
٭…٭…٭
پانچ کو پانچ سے پہلے
پیارے مدنی منو! یقیناً زندَگی بے حد مختصر ہے، جو وقت مل گیا سو مل گیا، آئندہ وقت ملنے کی اُمّید دھوکہ ہے۔ کیا معلوم آئندہ لمحے ہم موت سے ہم آغوش ہوچکے ہوں۔ رحمتِ عالم، نورِ مجسَّم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ارشاد فرماتے ہیں: پانچ چیزوں کو پانچ چیزوں سے پہلے غنیمت جانو: (۱) جوانی کو بڑھاپے سے پہلے (۲) صحت کو بیماری سے پہلے (۳) مالداری کوتنگدستی سے پہلے (۴) فرصت کومشغولیت سے پہلے اور (۵) زندَگی کوموت سے پہلے۔ (المستدرک، الحدیث: ۷۹۱۶ ، ج۵، ص۴۳۵ )
آسمانی کتابیں
سوال: سب سے پہلے کونسی آسمانی کتاب نازل ہوئی؟