ا ر کا نِ اِسلام
سوال: اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے قرآنِ پاک میں نماز کا کتنی بار حکم فرمایا ہے؟
جواب: اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے قرآنِ پاک میں نماز کا 700 سے زائد مرتبہ حکم فرمایا ہے۔
سوال: جو شخص نماز کی فرضیت کا انکار کرے اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟
جواب: جوشخص نماز کی فرضیت کا انکار کرے وہ کافر ہے۔
سوال: ہمارے پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے کس چیز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک فرمایا ہے؟
جواب: ہمارے پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک فرمایا ہے۔
سوال: نماز پڑھنے کے چند فضائل بتائیں ؟
جواب: نماز پڑھنے کے چند فضائل یہ ہیں :
٭ نماز دین کا ستون ہے۔ ٭ نماز مومن کی معراج ہے۔
٭ نماز اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی خوشنودی کا سبب ہے۔ ٭ نماز سے رحمت نازل ہوتی ہے۔
٭ نماز سے گناہ معاف ہوتے ہیں ۔ ٭ نماز بیماریوں سے بچاتی ہے۔
٭ نماز دعاؤں کی قبولیت کا سبب ہے۔ ٭ نماز سے روزی میں برکت ہوتی ہے۔
٭ نماز اندھیری قبر کا چراغ ہے۔ ٭ نماز قبر اور جہنم کے عذاب سے بچاتی ہے۔
٭ نماز جنت کی کنجی ہے۔ ٭ نماز پل صراط کے لئے آسانی ہے۔
٭ نماز میٹھے میٹھے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔
٭ نمازی کو بروزِ قیامت سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی شفاعت نصیب ہو گی۔
٭ نمازی کو قیامت کے دن دائیں ہاتھ میں اعمال نامہ دیا جائے گا۔
٭ نمازی کے لئے سب سے بڑی نعمت یہ ہے کہ بروزِ قیامت اسے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا دیدار نصیب ہو گا۔