Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :5)
426 - 784
	جب محبت وشوق کی حالت کو بیدار کرنا چاہےتو اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کے جمال وجلال اور اس کی عظمت وکبر یائی میں غوروفکر کرے نیز اس کی حکمت کے عجائبات اورپیدا کردہ  چیزوں میں نظر کرے۔اسی کے متعلق ہم غوروفکر  کی دوسری قسم میں کچھ گفتگو کریں گے۔
خوفِ خدااور رحمَتِ الٰہی کی امید کیسے حاصل ہو؟
	جب خوفِ خدا کی حالت کا ارادہ کرے تو پہلے اپنے ظاہری وباطنی گناہوں کی طرف نظر کرے پھر موت اور اس کی سختیوں میں غوروفکر کرے پھر مُنْکَر نَکِیر کے سوالات، عذاب قبر، قبر کے سانپ، بچھو اور کیڑے مکوڑوں میں غور وفکر کرے، اس کے بعد صور پھونکے جانے کی ہولناک آوازکا تصور کرے، میدانِ مَحشرکی وحشت کو دیکھے کہ جب تمام مخلوق ایک ہی مقام پر کھڑی ہوگی، حساب وکتاب کا معاملہ ہو گا، چھوٹی سےچھوٹی بات کے بارے میں پوچھا جائےگا، اس کےبعد پل صراط کی باریکی وتیزی کو خیال میں لائے، پھر اپنے عظیم مُعاملے میں غوروفکر کرے کہ بائیں جانب کو پھیرا گیا تو دوزخی ہوگااور اگر دائیں جانب پھیرا گیا تو جنتی ہوگا، قیامت کی ہولناکیوں کے بعدجہنم اور اس کے طبقات،ان میں بیڑیاں، خوفناکی،زنجیریں، طوق، پیپ، تھوہڑ الغرض طرح طرح کے عذابات اور ان پر مامور نہایت خوفناک صورت فرشتوں کو اپنے دل میں حاضر کرے نیز یہ  سوچے کہ جب کبھی دوزخیوں کی کھالیں پک جائیں گی تو انہیں اور کھالوں میں بدل دیا جائے گا اور جب وہ اس سے نکلنے کا ارادہ کریں گے واپس لوٹا دیئے جائیں گے اور جب دوذخی  دور سے جہنم  کودیکھیں گے تو اس کا جوش مارنا اور چنگاڑنا سنیں گے۔ ایسے ہی ان تمام وعیدوں اورعذابات کی طرف نظر کرے جو قرآن مجید میں تفصیل  کے ساتھ آئے ہیں۔
	جب رحمت کی امید کی حالت کا ارادہ کرے توجنت اوراس کی نعمتوں، درختوں، نہروں، حور وغلمان، لازوال نعمتوں اور دائمی تسلُّط کی طرف نظر کرے۔
	الغرض ایسے علوم کو طلب کرنا کہ جن کے نتیجے میں محبوب اَحوال تک رسائی اور مذموم احوال سے بچا جاسکے ان میں غوروفکر کا یہی طریقہ ہے۔ ان میں سے ہر حال کے بارے میں ہم نے ایک الگ الگ باب باندھا ہے غوروفکر کی تفصیلی معلومات پر اس سے مدد لی جاسکتی ہے۔