Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :5)
402 - 784
	 اے نفس!کس وجود کے ساتھ تو ربُّ الْعالمین کی بارگاہ میں حاضرہوگا؟اور کس زبان سے جواب دے گا؟ اس کی بارگاہ میں سرخروہونے کی تیاری کر اور اپنی بقیہ عمر کو ان تھوڑے ایام میں طویل ایام کے لئے گزار۔ اس فا نی دنیامیں باقی رہنے والی دنیاکے لئے تیاری کراورتھکاوٹ اور غموں سے بھرپور اس جہاں میں ابدی نعمتوں والے جہاں کے لئے عمل کر اس سے  پہلےکہ تو عمل نہ کرسکے۔آزاد لوگوں کی طرح اپنی  مرضی سےدنیاکی محبت سےنکل جابعد میں کہیں ایسانہ ہو کہ مجبور ہوکر نکلنا پڑے۔اگردنیاوی تروتازگی تجھے حاصل  ہے تواس پرنازنہ کرکیونکہ کتنے ہی خوش ہونے والے ایسے ہیں جو دھوکےکا شکار ہیں اورکتنے ہی دھوکےکا شکار ایسے ہیں جو دھوکے میں مبتلا ہونے سے لا علم ہیں۔تو خرابی ہے اس کےلئے جو ویل(نامی جنمی وادی) کا حق دار ہےاور اسے اس بات کا شعور نہیں۔کوئی ہنس رہا اور خوش ہورہا ہوتا ہے، لہوولعب میں مشغول اور اِترارہا ہوتا ہے نیز کھانے پینےمیں مشغول ہوتاہےجبکہ اس کا نام لوحِ محفوظ میں جہنمی لکھا ہوتا ہے۔
	لہٰذا اے نفس!تو دنیاکوعبرت کی نگاہ سے دیکھ،بحالَتِ مجبوری ہی دنیا کی طرف جا اور اپنے اختیار سے اسے ٹھوکر مار اورآخرت کی طلب میں سبقت کر۔ ناشکروں کی رَوِش سے بچ جو شکر توکرتے نہیں پھر بھی جو باقی ہے اس  میں زیادتی چاہتے ہیں،خود گناہ سے باز نہیں آتے دوسروں کوگناہوں  سے بچنے کی تلقین کرتے ہیں۔
	اے نفس!تو یہ جان لے! دین کا کوئی عوض نہیں اور ایمان کا کوئی بدل نہیں نیز جسم کا کوئی قائم مقام نہیں۔جس کی سواری دن اور رات ہو اسے سفر کرنا ہی پڑے گا اگرچہ وہ سفر نہ کرنا چاہے (یعنی دنیامیں آگئے ہوتو مقررہ مدت گزارنی ہوگی)۔
	اے نفس!اس نصیحت کو قبول کر اور اس  پر عمل کر کیونکہ جو شخص اس نصیحت سے منہ پھیرتا ہے وہ گویا خودکوجہنم کاحقداربناتاہے اور میرانہیں خیال کہ توجہنمی ہوناپسندکرےگابلکہ میراخیال ہے تو اس نصیحت پرضرورعمل کرے گااور اگر دل کی سختی تجھے اس نصیحت پر عمل کرنےسے روکتی ہے تو تہجد اور شب بیداری سے مدد طلب کر۔اگریہ  کارگرنہ ہو تونفلی روزوں  کی پابندی کر اور اگر اس سےبھی سختی ختم نہ ہو تو لوگوں سے میل جول اور گفتگو کم کردے پھر اگر  اس سے بھی فرق نہ پڑے تو رشتہ داروں سے صلہ رحمی اور یتیموں پر نرمی اختیار کر اور اگر اس سے بھی کام نہ بنےتوجان لے کہ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ نے تیرے دل پر مہر لگادی ہے اور تیرا ظاہر