Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :5)
276 - 784
 نیکی کے بہانے آتا ہے اور کہتا ہے:”لوگ تیری اِتِّباع واقتدا کرتے ہیں اورتیرے عمل کو دیکھتے ہیں جو کام تم کرو گے اس میں لوگ تمہاری پیروی کریں گے اگر اچھا عمل کروگے تو ان کے اعمال کا ثواب بھی تمہیں ملے گا اور اگر برا کام کروگے تو اس کا گناہ بھی تم پر پڑے گا،اس لئے دیکھنے والے شخص کے سامنے اپنا عمل عمدگی سے کرو ہوسکتا ہے وہ خشوع و خضوع اور عبادت کو خوبصورت بنانے میں تمہاری اقتدا کرے۔“یہ درجہ پہلے کی بَنِسْبَت دقیق ہے اور جو لوگ پہلے درجے سے دھوکا نہیں کھاتے وہ بعض دفعہ اس درجے سے دھوکا کھا جاتے ہیں اور یہ بھی عین ریا اور اخلاص کو برباد کرنے والا ہے کیونکہ اگر وہ خشوع اور حُسْنِ عبادت کواچھا سمجھتا کہ غیر کی وجہ سے اسے  چھوڑنے پر راضی نہیں ہے تو خَلْوَت میں اسے  اپنے لئے پسند کیوں نہیں کیا؟اور یہ نہیں ہوسکتا کہ اس کے نزدیک غیر کا نفس اس کے اپنے نفس سے زیادہ عزیز ہو،لہٰذا یہ محض دھوکاہے بلکہ مقتدا و پیشوا وہ شخص ہوتا ہے جو اپنے احوال اور اعمال میں سیدھا ہواور اس کا دل روشن ہو پھر اس کی روشنی دوسروں تک پہنچے تو ان کا ثواب اِسے ملے گا(اور ان کے اپنے ثواب میں کمی نہ ہوگی)۔لیکن مذکورہ صورت تو محض نفاق اور دھوکاہے۔پس جو شخص اس کی اقتدا کرے گا اسے تو ثواب ملے گا لیکن جس کی اقتدا کی گئی خود اس سے دھو کادہی کی باز پرس ہوگی اور جو بات اس میں نہیں تھی اس کے ساتھ اپنے آپ کو موصوف ظاہر کرنے پر سزا دی جائے گی۔
تیسرا درجہ:
	یہ  پہلے دونوں درجوں سے زیادہ پیچیدہ ہے۔اس کی صورت یہ ہے کہ بندہ اس بارے میں اپنا امتحان لے اورشیطان کے مکر و فریب پر مُتَنَبِّہ ہو اور جان لے کہ خلوت اور لوگوں کی موجودگی میں اس کی عبادت کی کیفیت مختلف ہونا محض ریا ہے اور یہ بات بھی جان لے کہ اخلاص یہ ہے کہ خلوت میں اس کی نماز ایسی ہو جیسے لوگوں کے سامنے ہوتی ہے اور اپنے آپ سے اور اپنے رب عَزَّ  وَجَلَّ سے  حیا کرے کہ لوگوں کے سامنے عادت سے زیادہ خشوع دکھائے۔پس وہ خلوت میں اپنے نفس کی طرف متوجہ ہواور نماز کو اس انداز سے پڑھے جس انداز سے لوگوں کے سامنے پڑھنا پسند ہے اور اسی طرح لوگوں کے سامنے بھی پڑھے ،تو یہ بھی خفی ریا کی صورت ہے کیونکہ اس نے خلوت میں اپنی نماز کو اس لئے آراستہ کر کے پڑھا تاکہ لوگوں کے سامنے بھی اسی طرح پڑھے ،تو خلوت وجلوت دونوں جگہ اس کی توجہ مخلوق کی طرف ہوئی بلکہ کامل اخلاص یہ ہے کہ جانوروں