Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :4)
815 - 882
 انہیں اسباب ہی شمار نہیں کرتے اور اس کی وجہ  ایمان کی کمزوری ،شدید حرص اوراُخروی فائدے کے لئے دُنیوی تکالیف پر صبر نہ کرنا ہےنیزلمبی امیدوں اوربدگمانیوں کی وجہ سے دلوں پر بُزدِلی طاری ہوجانا بھی ایک وجہ ہے۔
توکل مضبوط کرنےکاطریقہ:
	جو شخص زمین وآسمان کی بادشاہت کی جانب توجّہ کرتاہےاس پر یہ بات واضح ہوجاتی ہےکہ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ ہی زمین وآسمان کےنظام کواس طرح چلاتاہے کہ رزق بندے تک ضرور پہنچتاہے اگرچہ بندہ کام کاج نہ کرے اور اگرکام کاج کی صلاحیت  نہ ہوپھر بھی ضرور پہنچتاہےجیسے بچے کو ماں کے پیٹ میں رزق پہنچتاہےکہ اس میں کام کاج کی صلاحیت نہیں۔(غورکروکہ)اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کس طرح بچے کی ناف کوماں کےساتھ ملادیتا ہے تاکہ ماں کی خوراک کا اضافی حصہ بچے تک پہنچ جائےحالانکہ اس میں بچے کی کوئی کوشش نہیں، پھر جب بچہ ماں سےجدا ہوتا ہے تو اللہ عَزَّ  وَجَلَّ ماں کےدل میں محبت اورشفقت ڈال دیتا ہےتاکہ چاہے نہ چاہےبچے کی  پرورش کرنی پڑے،پھر اللہ عَزَّ  وَجَلَّ ہی اس کےدل میں محبت کی آگ شُعْلَہ زَن کردیتاہےتاکہ بچے کےلئے بے قرار رہے اور جب تک  بچہ غذا چبانےکے قابل نہیں ہوجاتااللہ عَزَّ  وَجَلَّ دودھ کو بچے کارزق بنادیتاہےتاکہ اسے چبانے کی ضرورت نہ پڑےچونکہ بچے کا معدہ کمزورہوتاہےاور بھاری غذا ہضم نہیں کرسکتالہٰذاوہی اللہ عَزَّ  وَجَلَّ ماں کےسینہ میں جلد  ہضم ہونے والادودھ رکھ دیتاہےتاکہ پیداہوتےہی بچے کےکام آسکے،کیاان تمام معاملات میں ماں یا بچے میں سے کسی کی کوششوں کا دخل ہوسکتاہے؟اور پھرجب بچہ اس قابل ہوجاتاہےکہ بھاری غذا ہضم کرسکےتو اللہ عَزَّ  وَجَلَّ ہی بچے کے دانتوں اور ڈاڑھوں کواُگاتاہےتاکہ وہ بآسانی غذاچباسکے اورجب بچہ بڑا ہوتا ہے تو اس پرسیکھنے کےمعاملات آسان کردیتا ہےاوراُخروی معاملات کی سمجھ بوجھ پیدا کردیتاہےلہٰذا بالغ ہونےکے بعد بُزدلی کا(یعنی توکل کا نہ)پایا جانا جہالت ہے کیونکہ بالغ ہونےکے بعد کام کاج کےمواقع کم ہونے کے بجائے زیادہ ہوجاتےہیں کہ پہلے کمانے پرقادر نہ تھا،اب قادرہوگیاتو مواقع بھی زیادہ ہوگئے۔ (فرق یہ ہوا کہ پہلے)شفقت کرنےوالی ایک ذات ماں یا باپ کی تھی جس کی شفقتیں بھی زیادہ تھیں کہ وہی دن بھر میں ایک دو مرتبہ کھلاتی تھی حالانکہ اسکا کھلانا بھی اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کی جانب سےتھا کہ اسی نے ماں باپ کےدل پر محبت اور شفقت کو غالب کیااور اب اسی نے مسلمانوں کے دلوں پراورشہروالوں کےدلوں پر محبت و شفقت اور رحم