Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :4)
569 - 882
 دھوکے میں مبتلا کرے گا،ان کے دل کو قید کرلے گا اور نفسانی خواہشات کی طرف بلائے گا۔یہ کمزور مقام والےحضرات کاحال ہےاوربلاشُبَہ مال سےنفرت کرنااوردوررہناہی ایسےلوگوں کےحق میں کمال ہے۔ انبیائے کرام اوراولیائے کاملین عَلَیْہِمُ السَّلَامکے سوا تمام مخلوق کے لئے یہی حکم ہے کیونکہ یہ کمزور ہیں۔
٭…مال لینے سے انکار ایسے اولیا سے منقول ہے جو مقامِ کمال پر فائز ہیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے بظاہر کمزور وں کا مقام اختیار فرماتے ہوئے مال ودولت سے نفرت اور دوری کو ظاہر فرمایاتاکہ دیگر لوگ ترکِ مال کے معاملے میں ان کی پیروی کریں کیونکہ اگر لوگوں نے حصولِ مال کے معاملے میں ان کی پیروی کی تو وہ ہلاکت کا شکار ہوجائیں گے۔یہ مُعامَلہ ایسے ہی ہے جیسے کوئی شخص اپنے بچوں کے سامنے سانپ سے بھاگتا ہے،اس کی وجہ یہ نہیں کہ وہ سانپ کو پکڑ نہیں سکتا بلکہ وہ جانتا ہے کہ اگرمیں نےسانپ کو پکڑا تو مجھے دیکھ کرمیرے بچےبھی سانپ کو پکڑنے کی کوشش کریں گےاور نقصان اٹھائیں گے۔انبیائے کِرامعَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام ،اولیائے کاملین اورعُلَمائےعِظامرَحِمَہُمُ اللہُالسَّلَام چونکہ لوگوں کے راہ نُما ہوتے ہیں اس لئےیہ حضرات کمزور اَفرادکے سامنے محتاط صورت پر عمل کرتے ہیں۔
فَقْر کےچھ مَراتب:
	اس تمام گفتگو سےیہ بات ظاہر ہوئی کہ فقر کے چھ مراتب ہیں جن میں سب سے اعلیٰ مرتبہ مستغنی کا، پھر ترتیب وارزاہد،قانِع،راضی اور حریص کا ہے۔باقی رہا مُضْطَر تو اس کے حق میں بھی زہد،رِضا اور قناعت کا تَصَوُّر کیا جاسکتا ہے اور اس کا رُتبہ مختلف اَحوال کے اعتبار سے مختلف ہوتا ہے۔فقیر کا لفظ مستغنی کے سوا بَقیَّہ پانچوں حضرات پر بولا جاسکتا ہے،مستغنی کو اگر فقیر کہا جائے تو اس کے معنیٰ یہ ہوں گے کہ اسے مال سے اپنی بے نیازی کی بقا کے معاملے میں بالخصوص اور دیگر معاملات میں بالعموماللہ عَزَّ  وَجَلَّ کا محتاج ہونے کی مَعْرِفَت حاصل ہے۔مستغنی کو فقیر کہنا ایسا ہی ہے جیسے لَفْظِ عبد کا اِطْلاق کسی ایسے شخص پر کرنا جسے اپنی بندگی کی مَعْرِفَت بھی ہو اور وہ اس کا اِقرار بھی کرتا ہو، اگرچہ عبد کا لفظ تمام مخلوق کے لئے عام ہے لیکن وہ غافلوں کی بَنِسْبَت اس لفظ کا زیادہ حق دار ہے۔یونہی اگرچہ لفظ فقیرعام ہے لیکن جو شخص اس بات کو جانتا ہے کہ وہ ہر معاملے میںاللہ عَزَّ  وَجَلَّ کا محتاج ہے وہ اس کا زیادہ حق دار ہے۔لَفْظِ فقیران دونوں معنوں میں مُشْتَرَک ہے۔