Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :4)
535 - 882
 تنگ ہونے لگا،غم میں مزید اضافہ ہوگیا اور آپ نےاللہ عَزَّ  وَجَلَّکی بارگاہ میں عرض کی:اے میرے رب!کیا تجھے میرے رونے پر رَحْم نہیں آتا؟اللہ عَزَّ  وَجَلَّنے آپ کی طرف وحی فرمائی:اے داؤد!آپ کو اپنا رونا تو یاد ہے لیکن آپ اپنی لغزش کو بھول گئے۔آپعَلَیْہِ السَّلَام نےعرض کیا:اے میرے مالک ومولیٰ!میں اپنی لغزش کو کیسے بھول سکتا ہوں،جب میں زَبور کی تلاوت کیا کرتا تھا تو بہنے والا پانی ٹھہر جاتا تھا،چلنے والی ہوا ساکن ہوجاتی تھی،پرندے میرے سر پر سایہ کرتے تھے اور وحشی جانور میرے محراب میں جمع ہوجایا کرتے تھے۔ اے میرے مالک ومولیٰ!یہ کیسی وحشت ہے جو میرے او ر تیرے درمیان حائل ہوگئی ہے؟اللہ عَزَّ  وَجَلَّ نے آپ کی طرف وحی فرمائی:اے داؤد!وہ اطاعت کی اُنسیت تھی اور یہ لغزش کی وحشت ہے۔اے داؤد! آدم میری مخلوق میں سے ہیں،میں نے انہیں اپنے دستِ قدرت سے بنایا ،اپنی خاص روح ان میں پھونکی،اپنے فرشتوں سے انہیں سجدہ کرایا ،انہیں عزت کا لباس پہنایا اور ان کے سر پر عزت کا تاج سجایا۔جب انہوں نے مجھ سے تنہائی کی شکایت کی تو میں نے اپنی باندی حواسے ان کا نکاح کردیا اور انہیں اپنی جنت میں ٹھہرایا۔پھر جب ان سے میرے حکم کی تعمیل میں خطا واقع ہوئی اور میں نے انہیں اپنے قُرب سے مَحْروم کردیا اس حال میں کہ ان کے جسم پر لباس تک نہ تھا۔اے داؤد !میری بات کو غور سے سنو کہ میں صرف حق بات کہتا ہوں،اگر تم میری اطاعت کرو گے تو میں بھی تمہاری بات مانوں گا اور مجھ سے جو سوال کرو گے اسے پورا کروں گا اور اگر تم میری نافرمانی کرو گے تو میں تمہیں مہلت دوں گا پھر اگر تم میری بارگاہ میں رجوع کروگے تو میں تمہاری توبہ قبول کرلوں گا۔
سیِّدُنا  داؤدعَلَیْہِ السَّلَامکی کیفیت:
	حضرت سیِّدُنا یحیٰی بن کثیرعَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَدِ  یْر فرماتے ہیں:ہمیں یہ خبر پہنچی ہے کہ حضرت سیِّدُنا  داؤد عَلٰی نَبِیِّنَاوَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام جب  رونےکا ارادہ فرماتے تو اس سے سات دن پہلے سے کھانے پینے اور ازواج سے قربت کو ترک فرمادیتے،پھر جب ایک دن رہ جاتا تو آپ عَلَیْہِ السَّلَام کے لئے صحرا میں منبر رکھا جاتا اور  آپ حضرت سیِّدُنا  سُلَیْمان عَلٰی نَبِیِّنَاوَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو حکم فرماتے کہ وہ ایسی آواز سے اعلان کریں جس سے شہر اوراس کےاطراف میں موجود تالاب، ٹیلے،پہاڑ،جنگلات اوریہودکی عبادت گاہیں گونج اٹھیں۔حضرت سیِّدُنا سلیمانعَلَیْہِ السَّلَاماس طرح اعلان فرماتے:جو کوئی حضرت سیِّدُناداؤدعَلَیْہِ السَّلَامکاروناسنناچاہے وہ آجائے۔