Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :4)
484 - 882
ایک سُوال اور اس کا جواب:
	امیرالمؤمنین حضر ت سیِّدُنا عُمَر فاروقِ اعظمرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہجیسی شخصیت کے خوف اورامید کو برابر نہیں ہونا چاہئے بلکہ ان پر تو امیدکا غلبہ ہونا چاہئے جیسا کہ’’امید کے بیان ‘‘کی ابتدا میں بیان کیا گیا ہے کہ امید کی قُوت اس کے اسباب کی قوت کے اعتبار سے ہوتی ہے اور اس کے لئے وہاں بیج اور کھیتی کی مثال بیان کی گئی ہے ۔یہ بات واضح ہےکہ جو شخص عُمدہ زمین میں اچھابیج بوتا،اس کی نگہداشت کرتا اور کھیتی باڑی کی تمام شرائط پوری کرتا ہے تو اس کے دل پر فصل کاٹنے اور نفع حاصل کرنے کی امید غالب ہوتی ہے اور اس کا خوف ،امید کے برابر نہیں ہوتا،لہٰذامُتَّقِیْن کا حال بھی یہی ہونا چاہئے؟ 
	جواب:اس بات کو ذِہن نشین کرلیجئے کہ مَحْض  الفاظ اور مثالوں سے نتیجہ نکالنے والا شخص اکثر غَلَطی کا شکار ہوجاتا ہے،ہم نے  ’’امید کے بیان‘‘کی ابتدا میں بیج اور کھیتی کی جو مثال بیان کی تھی وہ مکمل طور پر اس مسئلے کے مطابق نہیں جس میں ہم گفتگو کررہے ہیں،اس کی وجہ یہ ہے کہ امید کے غَلَبے کا سبب وہ علم بنتا ہے جو تَجْرِبے سے حاصل ہویعنی جب کوئی شخص تجربہ کرکے اس بات کا علم حاصل کرچکا ہو کہ جس زمین میں اس نے بیج بویا ہے وہ زمین عمدہ ہے،بیج اچھا ہے ،آب و ہوا مناسب ہے اور اس علاقے میں کھیتی باڑی کو ہلاک کرنے والی بیماریاں کم پائی جاتی ہیں تو پھر ا س کی امید خو ف پر غالب ہوگی جبکہ ہم جس مسئلے میں گفتگو کررہے ہیں اس کی مثال ایسی ہے کہ کسان نے جو بیج بویا ہے اس کا اسے کوئی تجربہ نہیں ،بیج ایسی اجنبی زمین میں بویا ہے جس کے بارے میں اسے کچھ معلوم نہیں اور یہ زمین ایسے علاقے میں واقع ہے جس کے بارے میں وہ نہیں جانتا کہ اس میں آسمانی بجلیاں وغیرہ تو نہیں گرتیں۔اس قسم کی صورت حال میں کھیتی باڑی کرنے والا کسان اگرچہ اپنی پوری توانائی صرف کردے اور ہر قسم کی احتیاطیں ملحوظ رکھے لیکن پھر بھی اس کی امید خوف پر غالب نہیں ہوگی۔
	جس مسئلے میں ہم گفتگو کررہے ہیں اس میں بیج کی مثال ایمان سے ہے اور ایمان کی صحت کی شرائط انتہائی باریک اور پوشیدہ ہیں نیز زمین کی مثال دل ہے جس کی خفیہ خباثتیں،اس کا شرکِ خفی،نِفاق ،ریاکاری اور بُرے اَخلاق سے مُتَّصِف  ہونا انتہائی پوشیدہ معاملہ ہے ،دل کی زمین کو پیش آنے والی آفات میں نفسانی خواہشات  اور دنیا کی رنگینیاں شامل ہیں اور اگر دل فی الحال ان سے محفوظ بھی ہو تو مستقبل میں ان کی طرف