Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :4)
469 - 882
 شہوتوں کا جڑ سے خاتمہ کردیا جائے اور یہ کام جس طرح خو ف کی آگ سے ہوسکتا ہے اس طرح کسی اور چیز سے نہیں ہوسکتا ۔خوف ایک ایسی آگ ہے جو شہوتوں کو جلا کر راکھ کردیتی ہے،اب یہ جتنی مقدار میں شہوتوں کو جلائے،گناہوں سے باز رکھے اور نیک اعمال کی طرف راغب کرے اسی قدر اس کی فضیلت میں اضافہ ہوتا جائے گااور خوف کے مختلف درجات جن کا بیان ما قبل ہوچکا ہے ان کے اعتبار سے یہ مقدارمختلف ہوتی ہے۔بھلا خوف باعِثِ فضیلت کیوں نہ ہوگا حالانکہ اسی کے ذریعے بندے کو عفت، ورع،تقوٰی اور مجاہدہ جیسے اعمال حاصل ہوتے ہیں جو کہ انتہائی عالی شان اوراللہ عَزَّ  وَجَلَّ کے قُرب کی دولت سے سرفراز کرنے والے ہیں۔ 
آیات واحادیث:
	جہاں تک آیات واحادیث کے ذریعے خوف کی فضیلت کو جاننے کا تعلق ہے تو اس بارے میں بے شمار آیات واحادیث وارد ہیں۔خوف کی فضیلت کو جاننے کے لئے صر ف اتنی  بات کافی ہے کہاللہ عَزَّ  وَجَلَّنے اہْلِ جنت کے چاروں مقامات یعنی ہدایت،علم،رحمت اور رِضا  کو درج ذیل تین آیاتِ مُقَدَّسَہ میں خائفین کے لئے جمع فرمادیا ہے:
(1)…  ہُدًی وَّ رَحْمَۃٌ لِّلَّذِیۡنَ ہُمْ لِرَبِّہِمْ یَرْہَبُوۡنَ ﴿۱۵۴﴾ (پ۹،الاعراف:۱۵۴)
ترجمۂ کنز الایمان:ہدایت اور رحمت ہے ان کے لئے جو اپنے رب سے ڈرتے ہیں۔
(2)… اِنَّمَا یَخْشَی اللہَ مِنْ عِبَادِہِ الْعُلَمٰٓؤُا ؕ(پ۲۲،فاطر:۲۸)
ترجمۂ کنز الایمان:اللہسے اس کے بندوں میں وہی ڈرتے ہیں جو علم والے ہیں۔ 
	عُلَماکے خوف کے سبب انہیں علم کی صفت سے موصوف قرار دیا ہے۔
(3)… رَضِیَ اللہُ عَنْہُمْ وَ رَضُوۡا عَنْہُ ؕ ذٰلِکَ لِمَنْ خَشِیَ رَبَّہٗ ٪﴿۸﴾ (پ۳۰،البینة:۸)
ترجمۂ کنز الایمان:اللہان سے راضی اور وہ اس سے راضی یہ اس کے لئے ہے جو اپنے رب سے ڈرے۔