Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :4)
406 - 882
 نعمت یا تو ضروری ہوتی ہے جیسے آنکھیں یا حاجت کی جگہوں  میں ہوتی ہےجیسے ضرورت سے زیادہ مال ہونا۔ نابینا آدمی کا صبریہ ہے کہ وہ شکوہ ظاہر نہ کرے ،اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے فیصلے پر رضا ظاہرکرے ،نابیناہونے کو بعض گناہوں کے لئے  اجازت نہ سمجھے اور بینائی والے کاشکر عمل کے اعتبار سے دوطرح ہوتا ہے: (۱)… آنکھوں کو گناہ کے لئے استعمال نہ کرے (۲)… انہیں عبادت و اطاعت میں استعمال کرے۔ دونوں  صورتوں میں  صبر بھی پایا جاتا ہے کیونکہ نابینا آدمی کو خوبصورت چہرے دیکھنے سے خود بخود صبرحاصل ہوگیاکہ وہ انہیں  دیکھ ہی نہیں سکتاجبکہ  بینا کی نگاہ کسی خوبصورت  چہرے پر پڑے اوروہ صبر کرے(یعنی فوراًنگاہ جھکالے)تو وہ آنکھوں کی نعمت پر شکرکرنے والا ہے۔ اگر بینا دیکھتا رہے تو اس نے آنکھوں کی نعمت پرناشکری کی۔یوں  صبر،شکر میں داخل ہوگیا۔ اسی طرح جب کوئی  عبادت و اطاعت پر آنکھوں سے مدد لے تو اطاعت پرلازماًصبرپایا جاتا ہے پھر کبھی وہ عجائباتِ خداوندی دیکھ کر شکر کرتا ہے تاکہ اس کے ذریعے اللہ عَزَّ وَجَلَّکی معرفت تک پہنچے تو یہ شکر، صبر سے افضل ہےاگراس صورت میں  شکر افضل نہ ہو تو حضرت سیِّدُناشعیب عَلَیْہِ السَّلَامکارتبہ حضرت سیِّدُناموسٰیعَلَیْہِ السَّلَام اور دیگر انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام سے اعلیٰ ہوتا کیونکہ آپ  کی بینائی چلی گئی  توآپ  نےاس پر صبرکیا جبکہ حضرت سیِّدُناموسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کو یہ معاملہ پیش نہ آیاکہ وہ بینائی جانے  پرصبر کرتے ۔ 
شکر کے افضل ہونے کی صورت:
	کمال  تویہ ہے کہ انسان کے تمام اعضاء سلب کرلئے جائیں اوروہ گوشت کا ایک لوتھڑا بن کررہ جائے البتہ یہ ناممکن  ہے کیونکہ انسان کا ہر عضو ایک دینی آلہ ہے ۔جب ایک آلہ  بیکارہوجائےتو دین کا کوئی رکن فوت ہوجاتاہے۔ ان اعضاء پر اللہ عَزَّ وَجَلَّکا شکراداکرنایہ ہے کہ اِنہیں  اُن دینی ارکان میں استعمال کرے جس میں یہ آلہ  بنیں اور یہ صبر ہی کی صورت میں ممکن ہے۔وہ نعمت جوحاجت کی جگہوں  میں ہوتی ہےجیسے ضرورت سے زیادہ مال ہونا۔اس کی صورت یہ ہے کہ  کسی کواتنامال ملاجتنی اسےضرورت تھی لیکن وہ اس سے زائد کاحاجت مند بھی  ہے تو زائد سے صبرکرنا مجاہَدہ ہے اوریہ جہادِ فقر ہے جبکہ زائد کا پایا جانا نعمت ہے اوراس کا شکراداکرنایہ ہے کہ اسے نیک کاموں میں خرچ کیاجائے یا گناہ میں استعمال نہ کیا جائے،لہٰذا  اگر صبرکی  نسبت ایسےشکر کی طرف کی جائےجو اطاعت و عبادت پرمشتمل ہو تو شکر افضل ہےکیونکہ اس میں صبر