Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :4)
308 - 882
 (۲)…طاقت (۳)… خوبصورتی (۴)…طویل زندگی۔
	ان چاروں کی تکمیل تیسری قسم یعنی جسم سے قریب رہنے والی خارجی نعمتوں سے ہوتی ہے۔ یہ  بھی چار ہیں : (۱)…مال و  دولت (۲)…اہل و عیال (۳)…جاہ و  مرتبہ (۴)…خاندانی شرافت۔ 
	ان جسمانی اور خارجی ذرائع سے نفع اسی صورت میں حاصل ہوتا ہے جب چوتھی قسم پائی جائے اوریہ جسمانی اور خارجی دونوں قسم کے ذرائع کوجمع کرتی ہے۔ یہ بھی چار ہیں: (۱)…رُشدِباری تعالیٰ (۲)ہدایَتِ باری  تعالیٰ (۳)تائیدباری  تعالیٰ (۴)دُرُستی مِن جانبِ اللہ ۔مجموعی طور پر ان نعمتوں کی تعداد سولہ ہوگئی جیسا کہ چاروں اقسام  کی  مزید چار چارقسمیں  کی گئی ہیں،ان تمام کی تفصیل آگےآرہی ہے ۔
بعض ذرائع ایک دوسرے کے محتاج ہیں:
	بعض ذرائع ایک دوسرے کے محتاج ہیں ،محتاجی خواہ  اہم ہو  یا  مفید۔اہم  یوں ہوسکتی ہے کہ اُخروی سعادت پانے کے لئے ایمان اورحُسنِ اخلاق کی محتاجی  ہےکہ یقیناً ان کے بغیر اُخروی سعادت نہیں مل سکتی کیونکہ انسان جس چیز کی کوشش کرتاہے وہی پاتاہےاورا ٓخرت میں ہر شخص وہی پائے گاجو زادِراہ دنیامیں اکٹھاکیا۔اسی طرح نفسانی کمالات کوعُلومِ نافعہ حاصل کرنے اوراخلاق سنوارنےمیں  اس بات کی محتاجی ہوتی ہے کہ بَدَن تَنْدُرُست وتَوانارہے مفید حاجت کی مثال نفسانی اورجسمانی کمالات ہیں جنہیں خارجی نعمتوں مثلاً مال ودولت ، جاہ  و منزلت ، بیوی بچے اورقریبی رشتہ داروں کی حاجت ہوتی ہے کیونکہ اگر یہ خارجی نعمتیں  نہ ہوں تو بعض اوقات داخلی نعمتوں میں خلل واقع ہوتا ہے۔
ایک سُوال اور اس کا جواب:
	اُخروی سعادت کے لئے خارجی نعمتیں یعنی مال ودولت ، جاہ و منزلت، بیوی بچے اورقریبی رشتہ دارکیسے مفید ہیں؟جواب :یا د رکھئیے!یہ اسباب پرندے کے پَراورمقصود کو آسان کرنے والے آلے کی طرح ہیں۔ 
مال کے فوائد:
	مال تو یوں مفیدہے کہ بندہ مال کے بغیر کسی علم وفن میں مہارت حاصل نہیں کرسکتاکہ یہ میدانِ جنگ