Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :4)
243 - 882
اِنَّ فِیۡ خَلْقِ السَّمٰوٰتِ وَالۡاَرْضِ وَاخْتِلَافِ الَّیۡلِ وَالنَّہَارِ لَاٰیٰتٍ لِّاُولِی الۡاَلْبَابِ ﴿۱۹۰﴾ (پ۴، اٰل عمرٰن:۱۹۰)
ترجمۂ کنز الایمان: بےشک آسمانوں اور زمین کی پیدائش اور رات اور دن کی باہم بدلیوں میں نشانیاں ہیں عقل مندوں کے لئے۔(1)
	یقیناً یہ حدیْثِ مُبارَک اس بات کی طرف راہ نمائی کرتی ہے کہ انسان اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی بارگاہ میں ہمیشہ آنسو بہاتا رہے۔ اگلی روایت میں بھی اسی طرف اشارہ ہے۔ چنانچہ مروی ہے کہ بنی اسرائیل کے ایک نبی عَلَیْہِ السَّلَام کسی چھوٹے سے پتھر کے پاس سے گزرے جس سے بہت زیادہ پانی بہہ رہا تھا، آپ عَلَیْہِ السَّلَام کو بڑا تعجب ہوا، اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے اس پتھر کو قوتِ گویائی عطا فرمائی تو وہ پتھر بولا: جب سے میں نے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا فرمان’’ وَّ قُوۡدُہَا النَّاسُ وَ الْحِجَارَۃُ  (2)“سنا ہے اس وقت سے خوف کے سبب میرے آنسو جاری ہیں۔ آپ عَلَیْہِ السَّلَام نے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی بارگاہ میں عرض کی: ”مولا! اسے جہنم سے نجات عطا فرما۔“ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ نے اسے نجات عطا فرمادی۔ کچھ عرصہ بعد جب دوبارہ اس پتھر کو دیکھا تو وہ اب بھی  رو رہا تھا۔ آپ عَلَیْہِ السَّلَام نے پوچھا:”اب کیوں روتے ہو؟“ اس نے عرض کی:”اُس وقت کا رونا خوف کے سبب تھا اور یہ شکر وخوشی کے آنسو ہیں۔“
	انسان کا دل بھی پتھر کی طرح ہے یا اس سے بھی سخت اور اس کی سختی یونہی دور ہوسکتی ہے کہ انسان خوف و خوشی ہر حال میں ربّ تعالیٰ کی بارگاہ میں آنسو بہاتا رہے۔
(3)...قیامت کے دن پکارا جائے گا کہ ”حَمَّادُوْن“ کھڑے ہوجائیں تو ایک گروہ کھڑا ہوجائے گا، ان کے لئے ایک پرچم بلند کیا جائے گا اور وہ تمام لوگ جنت میں داخل ہوجائیں گے۔ عرض کی گئی: ”حَمَّادُوْن“ کون ہیں؟ فرمایا: جو لوگ ہر حال میں اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا شکر ادا کرتے ہیں۔(3)
	ایک روایت میں ہے کہ ”حَمَّادُوْن“وہ لوگ ہیں جو خوشحالی اور تنگی دونوں میںاللہ عَزَّ وَجَلَّ کا شکر کرتے ہیں۔(4)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…الاحسان بترتیب صحیح ابن حبان، کتاب الرقاق، باب التوبة،۲/ ۸، حدیث : ۶۱۹
2… ترجمۂ کنز الایمان: جس(آگ) کے ایندھن آدمی اور پتھر ہیں۔(پ۲۸، التحریم:۶)
3… تفسیر الطبری،پ۳۰،سورة الفجرتحت الآية:۲۲، ۱۲/ ۵۷۶،حدیث:۳۷۱۸۶مختصرًا
	قوت القلوب،الفصل الثانی والثلاثون :شرح مقامات الیقین،۱/ ۳۴۵
4… شعب الایمان،باب فی تعدید نعم اللہ عزوجل وشکرھا،۴/ ۹۱،حدیث:۴۳۷۴،بتغیر قلیل
	قوت القلوب،الفصل الثانی والثلاثون :شرح مقامات الیقین،۱/ ۳۴۵