Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :4)
15 - 882
 وفائدہ نہ ہو اس میں ہماری مشغولیت کا کو ئی مطلب نہیں خواہ کوئی اسے ہم پر واجب کرے یا نہ کرے۔
	پس جب بندہ وجوب کا معنیٰ پہچان لیتا ہے کہ یہ ابدی سعادت کا وسیلہ ہے اور یہ بھی جانتا ہے کہ اُخروی سعادت تو بس اللہ عَزَّ  وَجَلَّ سے ملا قات ہے جو اس سے پردے اور رُکاوَٹ میں رہا وہ بدبخت ہے اور لامحالہ یہ بدبختی اس کے اور اس کی چاہت کے درمِیان حائل ہوگی اور وہ فِراق اور جہنم کی آگ میں جلے گا اور یہ بھی جانتا ہے کہ اللہ   عَزَّ  وَجَلَّ کی ملاقات سے دور کرنے والی چیزیں خواہشات کی پیروی، فانی دنیا سے اُنسیت اور ان کی محبت میں گرفتار ہونا ہے جن سے دوری لازم ہے تو بندہ جان لیتا ہے کہ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کی ملاقات کا ذریعہ یہی ہے کہ اس دنیا کی رنگینیوں سے دلی تعلق توڑدیا جائے اور ذکرِالٰہی پر ہمیشگی کے ذریعے اللہ  عَزَّ  وَجَلَّ سے اُنسیت کے لئے اس کی طرف متوجہ رہا جائے اور اس کے جلال وجمال کی معرفت کے ذریعے حتی المقدور اس سے مَحَبَّت کی جائے اور یہ بھی جان لیتا ہے کہ رب تعالیٰ سے پھیرنے والے گناہ اور شیاطین کی چاہت کی پیروی اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کے دشمن اور اس کی بارگاہ سے دور کرنے والے کام ہیں۔ (بظاہر)اللہ عَزَّ  وَجَلَّ سے دور اور پردے میں ہونے کے سبب اسے اس بات میں کوئی شک باقی نہیں رہتا کہ قرب کی منزل پانے کے لئے دوری پیدا کرنے والے راستے کو چھوڑنا واجب وضروری ہے اور اس راستے کو چھوڑنے کی تکمیل عِلْم، نَدامت اور عَزْم( یعنی پختہ ارادے) کے ذریعے ہی ہوسکتی ہے کیونکہ بندہ جب تک یہ نہیں جانتا کہ گناہ محبوب سے دوری کا سبَب ہیں تو نادم نہیں ہوتا اور دوری وجدائی کی راہ پر چلتے رہنے سے رنجیدہ نہیں ہوتا اور جب تک رنج نہ پہنچے اس وقت تک رُجُوع نہیں کرتا اور رجوع کا معنیٰ” گناہ کو تَرک کرنا اور آئندہ نہ کرنے کا پختہ اِرادہ کرنا ہے۔“
	اس میں کو ئی شک وشُبہ نہیں کہ محبوب تک پہنچنے کے لئے ماقبل بیان کردہ تینوں معانی ضروری ہیں اور نورِبصیرت سے حاصل ہو نے والا ایمان ایسا ہی ہوتا ہے۔ اکثر مخلوق کی پہنچ سے دور اس بلند مقام پر جو بندہ فائز نہ ہوسکے اس کے حق میں تقلید اور اتباع وپیروی کا میدان کھلا ہے، اس کے ذریعے وہ ہلاکت سے بچ کر نجات تک پہنچ سکتا ہے۔
	تقلید واتباع کرنے والے کو توبہ کے بارے میں وارد اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کے فرامین، فرامیْنِ مصطفٰے اور سَلَف صالحین کے اَقوال پیْشِ نظر رکھنا چاہئیں: