مال لیتا دیکھے تو اس پر لازم ہے کہ صاحِبِ مال کےحق کا لحاظ کرتے ہوئے اِس کی گواہی دے۔ بہرحال جب وہ اسے اپنا ہی مال چھپاتے دیکھے تو اسے بیان کرنا چغلی اور راز کو فاش کرناہے اور اسی طرح اگر کوئی شخص کسی کی وہ بات بیان کرے جس کا تعلق اس کے عیب اور نقص سے ہو تو یقیناً اس نے غیبت اور چغلی دونوں کو جمع کرلیا۔
چُغْلی پراُبھارنے والی چیزیں:
چُغْلی پرابھارنے کا سبب یا تو جس کے بارے میں خبر دے رہا ہے اس کے ساتھ برائی کا ارادہ ہوتا ہے یا جس سے بات بیان کر رہا ہے اس سے محبت کا اظہار ہوتا ہےیاپھر فضول اور جھوٹی باتوں میں مشغول ہوکردل بہلا نا ہوتا ہے۔
چغلی اور چغل خور سے چھٹکارا دلانے والے چھ اُمور:
جس شخص کے پاس چغلی کی جائے اور اس سے کہا جائے کہ فُلاں نے تمہارے بارے میں یہ کہا یا تمہارے خلاف ایسا کیا یا وہ تمہارے معاملے کو بگاڑنے کی سازش کر رہا ہے یا تمہارے دشمن سے دوستی کرنے کی تیاری کر رہا ہے یا تمہاری حالت کو خراب کرنے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے یا اس قسم کی دوسری باتیں کہی جائیں تو ایسی صورت میں اس پر چھ باتیں لا زم ہیں۔
﴿1﴾… اس کی تصدیق نہ کرے کیو نکہ چُغْل خور فاسق ہوتا ہے اور فاسق کی گو اہی مردود ہے۔ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ارشاد فرماتا ہے:
یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِنۡ جَآءَکُمْ فَاسِقٌۢ بِنَبَاٍ فَتَبَیَّنُوۡۤا اَنۡ تُصِیۡبُوۡا قَوْمًۢا بِجَہَالَۃٍ (پ۲۶،الحجرات:۶)
ترجمۂ کنز الایمان: اے ایمان والو اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لائے تو تحقیق کرلو کہ کہیں کسی قوم کو بے جانے ایذا نہ دے بیٹھو۔
﴿2﴾…اسے چغلی سے منع کرے، سمجھائے اور اس کے سامنے اس کے فِعْل کی قَباحَت ظاہر کرے کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ ارشاد فرماتا ہے :
وَاۡمُرْ بِالْمَعْرُوۡفِ وَانْہَ عَنِ الْمُنۡکَر(پ۲۱،لقمٰن:۱۷)
ترجمۂ کنز الایمان: اور اچھی بات کا حکم دے اور بُری بات سے منع کر۔