Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :3)
436 - 1245
اخلاق کے حوالے سے غیبت کی مثالیں :
	تم کہو: فلاں  بد اخلاق،بَخِیْل،مُتکَبِّر، رِیا کار ہےیابہت غصّے والا، بزدل،عاجز،کمزور دل ہےیابے وقوف قسم کا بَہادُر ہے۔
دینی حوالے سے غیبت کی مثالیں:
	تم کہو: فلاں  چور،جھوٹا ،شرابی، خیانت کرنے والا یاظالم ہے،نماز یازکوٰۃ میں سستی کرنے والا ہےیا رُکُوع اورسجدہ اچھی طرح نہیں کرتایانَجاستوں سے نہیں بچتا، ماں باپ کے ساتھ حُسنِ سُلوک نہیں کرتا، زکوٰۃ نہیں دیتایا زکوٰۃکی درست تقسیم نہیں کر تا یا فحش کلامی، غیبت اورلوگوں کی عزَّتوں کو خراب کرنےسے اپنے روزے کو محفوظ نہیں رکھتا۔
دنیاوی حوالے سے غیبت کی مثالیں:
	تم کہو: فلاں  بے ادب ہے، لوگوں کو حقیر سمجھتا ہے، اپنےاوپر کسی دوسرے کا حق نہیں جانتا جبکہ دوسروں پر اپنا حق سمجھتا ہےیا یہ کہوکہ وہ باتونی ہے،بہت کھاتا ہے،بہت سوتا ہے،بے وقت سوتا ہےیا دوسروں کی  جگہ بیٹھتا ہے ۔کپڑوں کے مُتَعَلِّق غیبت یہ ہے کہ تم کہو: فلاں  کھلی آستین یا لمبے دامن والاہےیا میلے کچیلےکپڑوں والا ہے۔
ایک فاسداِسْتِدْلال  اور اس کاجواب:
	استدلال :کچھ لوگ یہ کہتے ہیں کہ دین سے متعلق افعال میں کوئی غیبت  نہیں ہوتی کیو نکہ یہ تو اس شخص کی مذمت کرنا ہے جس کی مذمت اللہ  عَزَّ  وَجَلَّ   نے کی ہے، لہٰذ ا گناہوں کے سبب اس کی غیبت  کرنااور برائی بیان کرنا جائز ہےاور دلیل یہ ہے  کہ بارگاہِ رسالت  میں ایک عورت کا ذکر کیا گیا کہ وہ بہت زیادہ نماز یں پڑھتی اور روزے رکھتی ہے لیکن اپنی زبان سے اپنے پڑوسیوں کو ایذادیتی  ہے ۔ارشادفرمایا:وہ جہنم میں ہے۔(1)
	ایک دوسری عورت کا ذکر کیا گیا کہ وہ بخیل ہے۔ارشاد فرمایا:تب تو اس میں کوئی بھلا ئی نہیں۔(2)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…الاحسان بترتيب صحيح ابن حبان،کتاب الحظروالاباحة،باب الغيبة،۷/ ۵۰۷،حديث۵۷۳۴
2…الزهدللامام وکيع بن الجراح،باب السخاء والبخل،الجزء الاول ( ب)،ص۶۶۱،حديث:۳۷۵