Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :3)
428 - 1245
جھوٹا خواب بیان کرنے سے متعلق دو وعیدیں:
	رسولِ اَکرم،شاہ ِبنی آدم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا:سب سے بڑا جھوٹ یہ ہے کہ آدمی اپنے باپ کے علاوہ کسی غیر کی طرف منسوب ہو یا خواب میں ایسی چیز دیکھنے کا دعوٰی کرے جو اس نے نہیں دیکھی یامجھ سے وہ بات منسوب کرے جو میں نے نہیں کہی۔(1)
	سرکارِ مدینہصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا: جو شخص جھوٹا خواب بیان کرےقیامت کےدن اسے جَو کے دو دانوں کے درمِیان گِرَہ لگانے کاعذاب دیا جا ئے گا اور وہ کبھی بھی گرہ  نہیں لگا سکے گا۔(2)
آفت نمبر 15:			 غیبت (اس میں  آٹھ فصلیں ہیں)
	غیبت کے متعلق بحث طویل ہے ،اولاً ہم غیبت کی مذمت اور اس کے بارے میں واردشرعی دلائل (یعنی آیات واحادیث)کو ذکر کر یں گے۔
	اللہ  عَزَّ  وَجَلَّ نے اپنی کتاب میں صراحت کے ساتھ اس کی مذمت بیان کی ہے اور غیبت کرنے والے کو مردار کا گوشت کھانے والے کے مُشابہ قرار دیا ۔چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَلَا یَغْتَبۡ بَّعْضُکُمۡ بَعْضًا ؕ اَیُحِبُّ اَحَدُکُمْ اَنۡ یَّاۡکُلَ لَحْمَ اَخِیۡہِ مَیۡتًا فَکَرِہۡتُمُوۡہُ ؕ (پ۲۶،الحجرات:۱۲)
ترجمۂ کنز الایمان: اور ایک دوسرے کی غیبت نہ کروکیا تم میں کوئی پسند رکھے گا کہ اپنے مرے بھائی کا گوشت کھائے تو یہ تمہیں گوارا نہ ہوگا۔
پہلی فصل:			 احادیث مبارکہ اورآثارِ بزرگان دین
	حضورنبیّ اکرم،شفیْعِ مُعَظَّمصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا:ایک مسلمان پر دوسرے مسلمان  کا (ناحق) خون بہانا،اس کامال لینا اور اس کی آبروریزی کرناحرام ہے۔(3)
	غیبت ،عزّت کو لے جاتی ہے اوراللہ  عَزَّ  وَجَلَّ نے اسے مال اور خون کے ساتھ بھی ذکر فرمایا ہے ۔
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1… بخاری،کتاب المناقب،باب نسبة الیمن الی اسماعیل،۲/ ۴۷۶،حدیث:۳۵۰۹
2… بخاری، کتاب التعبیر ، باب من کذب فی حلمہ ،۴/ ۴۲۲، حدیث :۷۰۴۲
3… مسلم،کتاب البروالصلة والاداب،باب تحريم ظلم المسلم…. الخ،ص۱۳۸۷،حديث:۲۵۶۴