Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :3)
140 - 1245
نقش ونگار والا کپڑا اُتار دیا:
	مروی ہے کہ دوران نماز آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی نگاہ اپنے کپڑے کے نقش ونگار پر پڑی، سلام  پھیرنے کے بعد آپ نے اس کپڑے کو اتار دیااور ارشاد فرمایا:”شَغَلَنِیْ عَنِ الصَّلَا ة یعنی اس نے نماز سے میری توجہ  بٹا دی۔“پھر ارشاد فرمایا:”اِذْھَبُوْ ا بِہٖ اِلٰی اَبِیْ جَھْمٍ وَاْتُوْنِیْ بِاَنْبِجَانِیَّة یعنی اسے ابُو جَہْم کے پاس لے جاؤاوران سے اَنْبِجانِیَہ چادر(1) لےآؤ۔“(2)
	نیزمروی ہے کہ آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی اَنگُشْت مبارک میں سونےکی انگوٹھی تھی،آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم منبر پر تشریف فرماتھے،آپ کی نظر اس کی طرف گئی پھراسے اتاردیا اور ارشاد فرمایا:”نَظْرَةٌ اِلَیْہِ وَنَظْرَةٌ اِلَیْکُم یعنی ایک بار اسے دیکھتا ہوں اور ایک بار تمہیں دیکھتا ہوں۔“(3)
	توکپڑے کے نُقُوش اور سونے کی انگوٹھی سے دھیان بٹنے کا عمل شیطانی وسوسہ تھا اور یہ واقعہ (مردوں پر)سونا حرام ہونے سے پہلے کا ہے،اسی لئے آپ نے اسے پہنا ہوا تھا اور (وسوسوں کے سبب)اتارا۔
مال ودولت کے متعلق وسوسوں سے  نجات:
	دنیا کے مال ودولت اور سازوسامان کے متعلق وسوسے اسی وقت ختم ہو سکتے ہیں جب انہیں خود سے دور اور الگ کر دیا جائے،جب تک انسان اپنی حاجت سے زائد کسی چیز کا مالک رہے گا اگرچہ ایک دینا ر ہی کیوں نہ ہو شیطان اسے ذکرِالٰہی میں  دینار کی فکر کے متعلق وسوسہ  ڈالنے سے نہیں رکے گا  اور اسے اس بات میں مشغول رکھے گا کہ وہ کیسے اس کی حفاظت کرے؟کس چیز  میں اسے خرچ کرے؟کس طرح اسےچھپائے تاکہ اس کے متعلق کسی کو بھی معلوم نہ ہو سکے یا کس طرح اسے ظاہر کرے تاکہ اس کے سبب لوگوں کے سامنے فخر کرسکے اور اس قسم  کےدیگر وَساوِس ڈالے گا ۔
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…مفسر شہیر حکیم الامت مفتی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ  الرَّحْمٰن مراٰۃ المناجیح، جلد اول، صفحہ 466 پر اس کے تحت فرماتے ہیں: ”انبجانیہ شام کی ایک بستی کا نام ہے جہاں سادے کپڑے تیار ہوتے ہیں، اسی کی طرف اس کی نسبت ہے۔“
2… بخاری،کتاب الصلٰوة،باب اذا صلّٰی فی ثوب له اعلام،۱/ ۱۴۹، حديث:۳۷۳
3…سنن النسائی،کتاب الزينة،باب طرح الخاتم وترک لبسه،ص۸۳۸، حديث:۵۲۹۹