Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :1)
459 - 1087
	حضرت سیِّدُنا ابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تعالٰی عَنْہ فرماتے ہیں : جس نے اچھی طرح وضو کیا پھر نماز کے ارادے سے نکلا تو جب تک اس ارادے پر رہے گا وہ نماز میں ہے۔ اس کے لئے ایک قدم پر ایک نیکی لکھی اور دوسرے قدم پر ایک برائی مٹائی جائے گی۔ جب تم میں سے کوئی اقامت سنتا ہے تو اس کے لئے جائز نہیں کہ(نماز میں ) تاخیر کرے۔ بے شک تم میں سب سے زیادہ اجر اسے ملے گا جس کا گھر زیادہ دور ہوگا۔ لوگوں نے عرض کی: ’’اے ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تعالٰی عَنْہ! کس وجہ سے؟‘‘ فرمایا: ’’زیادہ قدم چلنے کی وجہ سے۔‘‘  (۱)
{13}…قیامت کے دن بندے کے اعمال میں سے سب سے پہلے نماز دیکھی جائے گی اگر وہ کامل پائی گئی تو وہ  بھی اور اس کے سارے اعمال بھی قبول ہوں گے اور اگر اس میں کمی ہوئی تو وہ بھی اور دیگر سب اعمال بھی مردود ہوجائیں گے۔(۲)
{14}…حضورنبی ٔ پاک، صاحب ِ لولاک، سیاحِ افلاک صَلَّی اللّٰہُ تعالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے حضرت سیِّدُنا ابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تعالٰی عَنْہ سے ارشاد فرمایا: ’’اے ابوہریرہ! اپنے گھر والوں کو نماز کا حکم دو بے شک اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ تمہیں وہاں سے روزی دے گا جہاں تمہارا گمان نہ ہو۔‘‘
	بعض علمائے کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہُ السَّلَام فرماتے ہیں : ’’نمازی کی مثال اس تاجر کی سی ہے جو اس وقت تک نفع حاصل نہیں کرسکتا جب تک پورا مال خرچ نہ کرے۔ یونہی نمازی کی نفل نماز اس وقت تک قبول نہیں ہوتی جب تک وہ فرض ادا نہ کرلے۔‘‘(۳)
	جب نماز کا وقت ہوتا تو امیرالمؤمنین حضرت سیِّدُناابوبکر صدیق رَضِیَ اللّٰہُ تعالٰی عَنْہ فرمایا کرتے: ’’اٹھو اس آگ کی طرف جو تم نے جلا رکھی ہے اور اسے بجھا دو۔‘‘(۴)
{… صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب		صَلَّی اللّٰہُ تعالٰیعَلٰی مُحَمَّد …}
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
1…الموطا للامام مالک، کتاب الطہارۃ، باب جامع الوضو  ء، الحدیث:۶۷، ج۱، ص۵۴۔
2…الموطا للامام مالک، کتاب قصر الصلاۃ فی السفر، باب جامع الصلاۃ، الحدیث:۴۲۸، ج۱، ص۱۶۹، بتغیرٍ۔
3…شعب الایمان للبیہقی، باب فی الصلوات، فضل قیام شہر رمضان، الحدیث:۳۲۸۵، ج۳، ص۱۸۲۔
4…کنزالعمال،کتاب الصلاۃ،قسم الاقوال، الحدیث:۱۹۰۴۱، ج۷، ص۱۲۸، عن انس۔