Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :1)
440 - 1087
اور حمام سے نکلنے کے بعد ٹھنڈے پانی سے پاؤں دھونا نقرس (۱) (نامی بیماری) سے بچاتا ہے۔‘‘ (۲)حمام سے نکلتے وقت ٹھنڈا پانی پینا یا سر پر ڈالنا مکروہ ہے۔ یہ مَردوں کے احکام بیان ہوئے ۔
	جبکہ عورتوں کے متعلق حضور نبی ٔکریم، رء وف رحیم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: ’’کسی مرد کے لئے جائز نہیں کہ وہ اپنی زوجہ کو حمام میں لے جائے جبکہ گھر میں غسل خانہ موجود ہو۔‘‘ (۳) اور مشہور ہے کہ ’’مَردوں پر تہبند کے بغیر حمام میں داخل ہونا حرام ہے اسی طرح نفاس والی اور بیمار عورتوں کے علاوہ عورتوں کا حمام میں داخل ہونا حرام ہے۔‘‘ (۴) ام المؤمنین حضرت سیِّدَتُنا عائشہ صدیقہ طیبہ طاہرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا کسی بیماری کے سبب حمام تشریف لے گئی تھیں ۔ لہٰذااگر عورت کسی ضرورت کے تحت حمام میں جائے تو ایک بڑی چادر اوڑھ کر جائے (۵) اور مرد کے لئے مکروہ ہے کہ عورت کو حمام میں جانے کے لئے اجرت دے کہ اس طرح وہ مکروہ کام میں عورت کا مددگار ہو گا۔
دوسری قسم: اجزائے بدن کی صفائی،جسم کے زائد اجزا آٹھ ہیں :
(۱)…سر کے بال: جو شخص صفائی کا ارادہ کرے تو اسے سر کے بال منڈوانے میں کوئی حرج نہیں اور جو تیل لگائے اور کنگھی کرے اسے بال رکھنے میں بھی حرج نہیں لیکن چھوٹے بڑے رکھنا منع ہے کیونکہ یہ کم تر لوگوں کا طریقہ ہے یا معزز لوگوں کی طرح زلفیں رکھ لے کہ اب یہ ان کی علامت بن گئی ہے اور اگر ایسا کرنے والا شریف لوگوں میں سے نہ ہو تو یہ دھوکا ہوگا۔
(۲)…مونچھوں کے بال: حضور نبی ٔ اکرم، نورِ مجسم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: ’’قُصُّوْا الشَّارِبَیعنی مونچھوں کو پست کرو۔‘‘ (۶) 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
1…نِقْرِس:وہ درد جو پاؤ ں کے انگوٹھے میں ہوتا ہے۔(فروزاللغات، ص۱۴۳۷)
2…قوت القلوب، الفصل السادس والاربعون فیہ کتب ذکر دخول الحمام، ج۲،ص۴۳۰۔
3…المرجع السابق، ص۴۳۰۔
4…سنن النسائی،کتاب الغسل، باب الرخصۃ فی دخول الحمام، الحدیث:۳۹۹، ص۷۲۔
                         سنن ابن ماجہ،کتاب الادب، باب دخول الحمام، الحدیث:۳۷۴۸، ج۴، ص۲۲۴۔
5…قوت القلوب، الفصل السادس والاربعون فیہ کتب ذکر دخول الحمام، ج۲، ص۴۳۰۔
6…المسند للامام احمد بن حنبل، مسند ابی ھریرۃ، الحدیث:۷۱۳۵، ج۳، ص۵۔