Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :1)
432 - 1087
 (۴)…دانتوں اور زبان کے کناروں پر جمع ہونے والی رطوبتیں : انہیں مسواک اور کلی کے ذریعے زائل کرے ۔ ہم ان دونوں کا ذکر ماقبل میں کر چکے ہیں ۔
 (۵)…احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے داڑھی میں جمع ہونے والی میل کچیل اور جوئیں : انہیں دھونے اور کنگھی کے ذریعے دور کرنا مستحب ہے۔ مروی ہے کہ ’’حضور نبی ٔ اکرم ، نورِ مجسم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سفر وحضر میں کنگھی، سر کھجانے کی لکڑی اور آئینہ اپنے پاس رکھتے تھے۔‘‘ (۱) اور یہ اہلِ عرب کا طریقہ ہے۔
آقاصَلَّی اللّٰہُ عَلَـیْہِ وَسَلَّم کی داڑھی مبارک:
	مروی ہے کہ آقائے دوجہان، محبوب رحمن صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم دن میں دو مرتبہ داڑھی میں کنگھی کرتے تھے(۲) اور آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی داڑھی مبارک گھنی تھی۔(۳)
	امیر المؤمنین حضرتِ سیِّدُناابوبکر صدیق رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ کی داڑھی مبارَک بھی گھنی تھی۔ امیرالمؤمنین حضرتِ عثمان غنی رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ کی داڑھی مبارک ہلکی او رلمبی تھی۔ امیرالمؤمنین حضرتِ سیِّدُنا علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم کی داڑھی مبارک چوڑی تھی جو دونوں کندھوں کو بھر لیتی تھی۔
اچھی نیت سے زیب و زینت اختیارکرنا:
	ام المؤمنین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ صدیقہ طیبہ طاہرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا  فرماتی ہیں کہ ایک بار حجرۂ مبارکہ کے پاس کچھ لوگ جمع ہوئے تو ان کی طرف تشریف لے جانے سے پہلے پیارے مصطفیٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے مٹکے میں موجودپانی میں اپنا عکس دیکھ کر سر اور داڑھی کو درست فرمایا۔ میں نے عرض کی: ’’یارسول اللّٰہصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ! کیا آپ بھی ایسا کررہے ہیں ؟‘‘ ارشاد فرمایا: ’’ہاں ! اللّٰہعَزَّوَجَلَّاپنے بندے کو پسند فرماتا ہے کہ جب وہ اپنے (مسلمان) بھائی وں کے پاس جائے تو بن سنور کر جائے۔‘‘  (۴)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
1…قوت القلوب، الفصل الثالث والثلاثون فی فضائل اھل السنۃ…الخ، ج۲، ص۲۴۳۔
2…قوت القلوب، الفصل الثالث والثلاثون فی فضائل اھل السنۃ…الخ، ج۲، ص۲۴۳۔
3…سنن النسائی، کتاب الزینۃ،اتخاذ الجمّۃ، الحدیث:۵۲۴۲، ص۸۳۲۔
4…قوت القلوب، الفصل الثالث والثلاثون فی فضائل اھل السنۃ…الخ، ج۲، ص۲۴۳، باختصارٍ۔