Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :1)
411 - 1087
 جگہ استنجا وغیرہ نہ کرے جہاں بیٹھ کر لوگ گفتگو کرتے ہوں ۔ (۷)…ٹھہرے ہوئے پانی، (۸)…پھل دار درخت اور (۹)…سوراخ میں بھی پیشاب نہ کرے۔ (۱۰)…سخت جگہ اور (۱۱)…ہوا کے رخ پر بھی پیشاب نہ کرے تاکہ چھینٹوں سے بچے ۔ (۱۲)…دوران استنجابائیں (الٹے) پاؤں پر دباؤ ڈالے۔ (۱۳)…اگر استنجاخانہ کسی عمارت میں ہو تو داخل ہوتے وقت پہلے بایاں پاؤں اندر رکھے اور نکلتے وقت پہلے دایاں پاؤں نکالے۔ (۱۴)…کھڑا ہو کر پیشاب نہ کرے (کہ یہ خلاف سنت ہے)۔جیساکہ
	ام المؤمنین حضرت سیِّدَتُنا عائشہ صدیقہ طیبہ طاہرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا فرماتی ہیں : ’’جو شخص تم سے یہ کہے کہ حضور نبی ٔ اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کھڑے ہو کر پیشاب کرتے تھے تو اس کی تصدیق نہ کرو۔‘‘(۱)
کھڑے ہو کر پیشاب نہ کرو:
	امیرالمومنین حضرت سیِّدُنا عمرفاروق اعظم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں : حضورنبی ٔ پاک صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے مجھے کھڑے ہو کر پیشاب کرتے دیکھا تو ارشاد فرمایا: ’’اے عمر! کھڑے ہو کر پیشاب نہ کیاکرو۔‘‘ آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں : ’’اس کے بعد میں نے کبھی کھڑے ہو کر پیشاب نہ کیا۔‘‘(۲)(ہاں بوقت ِ ضرورت) کھڑے ہوکر پیشاب کرنے کی رخصت ہے کیونکہ حضرت سیِّدُناحذیفہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مروی ہے کہ آقائے دوعالم، نورِ مجسم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ایک قوم کی کوڑی پر تشریف لائے تو آپ نے کھڑے ہو کر پیشاب کیا(۳)، پھر میں وضو کے لئے پانی لایا توآپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے وضو فرمایا اور موزوں پر مسح کیا۔‘‘  (۴)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
1…سنن الترمذی، ابواب الطہارۃ، باب ماجاء فی النھی عن البول قائماً، الحدیث:۱۲، ج۱، ص۹۰۔
2…سنن ابن ماجہ،کتاب الطہارۃ، باب فی البول قاعداً، الحدیث:۳۰۸، ج۱، ص۱۹۶۔
3…مفسرشہیر ، حکیم الامت مفتی احمدیارخان عَلَـیْہِ رَحْمَۃُ الْمَنَّان  مِرْاٰۃُ الْمَنَاجِیْح ، ج 1،ص270پر اس حدیث ِ مبارکہ کے تحت فرماتے ہیں : یا تو وہاں بیٹھنے کی جگہ نہ تھی کیونکہ کوڑی پر ہر جگہ نجاست ہی ہوتی ہے یا پاؤں شریف میں زخم یا پیٹھ میں درد تھا جس کے لئے کھڑے ہو کر پیشاب کرنا مفید تھا۔ اطبا کہتے ہیں کہ کھڑے ہو کر انگارے پر پیشاب کرنا ستر بیماریوں کا علاج ہے۔(مرقاۃ اشعۃ للمعات) خیال رہے کہ اس موقع پر سرکار اونچی جگہ کھڑے ہوئے ہوں گے جس سے پیشاب کی چھینٹوں سے محفوظ رہے ہوں گے۔ 
	مزید معلومات کے لیے فتاوی رضویہ (مخرجہ )ج۴،ص۵۸۵ کامطالعہ فرمالیجئے۔
4…صحیح مسلم، کتاب الطہارۃ، باب المسح علی الخفین، الحدیث:۲۷۳، ص۱۵۸۔